کراچی : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاہے کہ 5سال کے دوران غربیوں کیلئے آباد کے ساتھ مل کر 50لاکھ سستے گھرتعمیر کرینگے۔میرے نئے پاکستان کا خواب کراچی کے بغیر ممکن نہیں ہے۔
سب سے بڑاامپائراللہ تعالیٰ ہے،اس نے فیصلہ دے دیاہے۔ ہماری پوزیشن خیبرپختونخوا اور پنجاب میں مضبوط ہے۔ ہم وفاقی حکومت بناسکتے ہیں لیکن جب تک کراچی نہیں اٹھے گااس وقت تک تبدیلی نہیں آئے گی۔ شہبازشریف نے لاہورپر اربوں روپے خرچ کئے۔بارش نے شہبازکے پیرس کا پول کھول دیا۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے بدھ کی صبح تاجر رہنما عبدالرحیم جانوکی رہائش پر ناشتے اور ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) ہاؤس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ 60کی دہائی میں ملک ترقی کررہا تھا۔ سب تباہی ہمارے سامنے ہوئی ہے، آج ہم مقروض ہوتے جارہے ہیں، ادارے تباہ ہوگئے ہیں، اداروں کے ساتھ ملک ترقی کرتا ہے لیکن سابق حکمرانوں نے ملک کو تباہ کردیا، آج بنگلہ دیش ہم سے آگے نکل چکا ہے۔
لاہور میں بارش نے ترقی کا پول کھول دیاہے۔ لاہور کو جو پیرس بنانا تھا وہ سب قوم کے سامنے آگیا۔ ہماری پوزیشن خیبرپختونخوا اور پنجاب میں مضبوط ہے اور ہم وفاقی حکومت بناسکتے ہیں لیکن جب تک کراچی نہیں اٹھے گااس وقت تک تبدیلی نہیں آئے گی ۔
کبھی اپنے مخالف کو کمزور نہ سمجھیں، کارکن سندھ میں سڑکوں پر نکلیں اور ریلیاں نکالیں تاکہ لوگوں کو آپ کی طاقت کا اندازہ ہو، کرکٹ کی زبان میں کہاجاتا ہے کہ جب تک آخری گیند نہ ہوجائے تو فیصلہ نہیں ہوتا۔تیس سال سے باریاں لگانے والوں نے کراچی کو کچھ نہیں دیا۔ میری جدوجہد رنگ لارہی ہے۔
تبدیلی کی ہوا چل پڑی ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہمیشہ مقابلے میں اپنے مخالف کوکمزور نہیں سمجھناچاہیے۔ میچ کے دوران بھی مخالف کو کمزور نہیں سمجھتا تھا،ن لیگ والے کہتے ہیں کہ آپ توایمپائرکی انگلیوں کی بات کرتے ہیں اور امپائر کی انگلی سے مراد فوج ہے، لاہور میں جو ہوا ہے، وہ سب عوام کے سامنے آگیا ہے، جب اللہ کی پکڑ ہوتی ہے تو آپ کچھ بھی کرلیں پکڑے جاتے ہیں۔
پانامالیکس اللہ کی طرف سے پکڑ تھی، پانامالیکس ہم نہیں لے کر آئے تھے ۔ شہباز شریف نے لاہور پر اربوں روپے لگائے ، جب بارش ہوئی توان کا پول کھل گیا، لاہور کی بارش بھی اللہ کی پکڑ ہے۔عوام نے سب دیکھ لیا، الیکشن میں بھی ان لوگوں کو پتہ چل جائے گا حقیقت کیا ہے۔
کراچی سے متعلق ہمارے پاس بہترین پروگرام ہے۔ کراچی کے کوڑے کرکٹ سے ہی بجلی بنائیں گے اور شہرکو دیں گے، کراچی کو ایک میٹروپولیٹن سٹی کی طرح چلانا ہے،شوکت خانم اسپتال کیلئے کراچی ہی نہیں دنیا بھر میں میمن کمیونٹی نے اسپتال کیلئے بھرپور مدد کی۔
پاکستان کو کرپشن سے نجات دلانا تھی، عوام تبدیلی چاہتے ہیں، دو پارٹیاں ہیں، جن کی باریاں چل رہی ہیں،عوام تنگ آچکے تھے، قرضے بڑھتے جارہے ہیں، ملک کے اداروں کو تباہ کردیا گیا، پانی کا مسئلہ پیدا ہوگیا ہے، ڈیمز پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔
انہوں نے کہاکہ باریاں لے کر ملک کو تباہ کردیا گیا، ان کے بچے بیرون ملک رہتے ہیں، 600 کروڑ کے گھر میں ان کے بچے رہتے ہیں، ملک کو تباہ کر دیا گیا۔جب ان سے منی ٹریل پوچھوتو کہتے ہیں عوام فیصلہ کریں گے،میں نے کراچی سے الیکشن کا فیصلہ اس لیے کیا کیونکہ کراچی اٹھے گا تو پاکستان بڑھے گا۔
اقتدار میں آکر ملک بھر میں غریبوں کے لئے 50 لاکھ گھر تعمیر کرینگے ،عمران خان
وقتِ اشاعت : July 5 – 2018