خضدار: بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے سربراہ و سابق وفاقی وزیر میر اسرار اللہ زہری نے کہا ہے کہ الیکشن میں کامیابی کی خاطر لوگوں کے جزبات بھڑکانے، نفرتیں اور دوریاں پیدا کرنے والوں کے پاس عوام کے لےئے لفاظیت کے سوا کچھ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ جھالاوان کے عوام نے ماضی میں بہت دکھ اٹھائے ہیں انتہائی تکلیف دہ اور پر آشوب دور سے گزرکر لوگوں کو آج سکھ و چین نصیب ہوا ہے۔ نفرتوں کے بیج بونے والے الیکشن کے بعد چلے جائیں گے لیکن عوام کو یہی رہنا ہے ۔تمام پارٹیوں کو چاہےئے کہ وہ نفرت کی پرچار کے بجائے بی این پی عوامی کی طرح امن و بھائی چارگی کے فروغ کے لےئے کام کریں۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ الیکشن کے موقع پر سیاسی بھڑک بازیوں سے متاثر ہوئے اور جزبات میں آئے بغیر سیاسی پارٹیوں سے ان کے انتخابی منشور سے متعلق سوال کریں کیونکہ کچھ لوگوں کے پاس عوام کی ترقی و فلاح بھبود کے لےئے کوئی پروگرام موجود نہیں اوران کی سیاست صرف لفاظیت کا شکار ہے۔
دریں اثناء بی این پی عوامی کے قائد و پی بی 38و 39 کے نامزد امیدوار میر اسراراللہ زہری کا الیکشن مہم کے سلسلے میں تحصیل باغبانہ کے مختلف علاقوں کا طوفانی دورہ،عوام کی جانب سے شاندار استقبال،عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے میر اسراراللہ زہری نے کہا کہ بی این پی عوامی بر سر اقتدار آکر نچلی سطح پر عوامی مسائل حل کرنے کے لےئے عملی اقدامات کریگی ۔
انہوں نے کہا کہ عوام باشعور ہوچکے ہیں اب کسی کو دھوکہ نہیں دیاجاسکتا۔ عوام پچیس جولائی کو بی این پی عوامی کو کامیابی سے ہمکنار کرکے کرپٹ و کمیشن خور ی کی سیاست کو ہمیشہ کے لےئے دفن کردیں گے۔انہوں نے کہا کہ عوام کی حمایت سے پچیس جولائی کو بی این پی عوامی بلوچستان کی سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھرے گی۔
الیکشن جیتنے کی خاطر عوام میں دوریاں پیدا کرنے والے ناکام ہونگے ،اسرار زہری
وقتِ اشاعت : July 5 – 2018