|

وقتِ اشاعت :   July 8 – 2018

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع چاغی میں پاک ایران سرحد کے قریب سیکورٹی فورسز اور منشیات اسمگلروں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک ایف سی اہلکار شہید اور دوسرا زخمی ہوگیا۔ جوابی کارروائی میں متعدد منشیات اسمگلر بھی مارے گئے۔

ایف سی حکام کے مطابق چاغی کے علاقے نوکنڈی کے قریب آزات کے مقام پر پاکستان سے ایران منشیات اسمگل کرنے والے کرنے والے اسمگلروں اور ایف سی اہلکاروں کا آمنا سامنا ہوا۔ ایف سی اہلکاروں نے انہیں روکنے کی کوشش کی تاہم منشیات اسمگلروں نے فائر کھول دیا۔ ایف سی اہلکاروں نے بھی بھر پور جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں دونوں جانب سے چھوٹے ہتھیاروں کے علاوہ ایل ایم جی اور راکٹ لانچرز کا بھی استعمال کیاگیا۔ 

فائرنگ کے نتیجے میں گولی لگنے سے ایف سی اہلکار فرمان شہید جبکہ سپاہی اعجاز شدید زخمی ہوا۔ زخمی اہلکار کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیاگیا۔ شہید اہلکار کا تعلق پنجاب کے ضلع ڈیرہ غازی خان کے علاقے تونسہ سے بتایا جاتا ہے۔ 

ایف سی اہلکاروں کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں منشیات اسمگلروں کی ایک گاڑی میں آگ لگ گئی اور وہ تباہ ہوگئی۔ ایف سی حکام کے مطابق گاڑی میں متعدد منشیات اسمگلروں کے جھلس کر ہلاک ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ ایف سی حکام کے مطابق علاقہ دور دراز ہونے کی وجہ سے منشیات اسمگلروں کی ہلاکت سے متعلق اطلاعات کی تصدیق میں مشکلات درپیش ہیں۔

پانچ روز قبل چاغی سے ملحقہ نوشکی میں بھی پاک افغان سرحدی علاقے میں منشیات اسمگلروں اور ایف سی اہلکاروں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا جس میں ایف سی اہلکار اور ایک منشیات اسمگلر زخمی ہوا تھا۔ ایف سی نے پانچ اسمگلرز کو منشیات اور اسلحہ سے بھری دو گاڑیوں سمیت گرفتار کیا تھا۔