ورلڈ کپ کے آخری کوارٹر فائنل میں کروشیا کی ٹیم نے میزبان روس کو شکست دے کر 20سال بعد ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
فشت اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں روس کی ٹیم نے میچ کے 31ویں منٹ میں گول کر کے برتری حاصل کی لیکن 8منٹ بعد ہی آندرے کرامیرچ نے کروشیا کے لیے گول اسکور کر کے مقابلہ برابر کردیا۔
پہلے ہاف کے اختتام تک دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ 1-1 گول سے برابر رہا۔
میچ کے دوسرے ہاف میں دونوں ٹیموں کے درمیان گول کرنے کی تگ و دو جاری رہی لیکن دونوں ٹیمیں ملنے والے مواقعوں سے فائدہ نہ اٹھا سکیں اور انتہائی کوشش کے باوجود کوئی بھی ٹیم گول اسکور نہ کر سکی۔
مقررہ وقت میں مقابلہ رہنے کے بعد 30 منٹ کے اضافی وقت میں میچ کو نتیجہ خیز بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔
ایکسٹرا ٹائم کے 15منٹ پر مشتمل پہلے ہاف میں کروشیا کی ٹیم گول اسکور کرنے میں کامیاب رہی اور میچ کے 100ویں منٹ میں ڈوماگو ویدا نے گول کر کے اپنی ٹیم کو اہم کامیابی دلائی۔
ایکسٹرا ٹائم کے پہلے ہاف میں کروشیا کو برتری حاصل تھی اور دوسرے ہاف میں بھی کروشیا کی ٹیم میزبان ملک کے خلاف فتح کی جانب گامزن نظر آتی تھی لیکن کھیل کے اختتام سے 5منٹ قبل ماریو فرنینڈس نے گول کر کے مقابلہ برابر کردیا۔
اضافی وقت میں بھی مقابلہ برابر رہنے پر میچ کا فیصلہ پینالٹی ککس پر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
پینالٹی ککس پر روس کا آغاز کچھ اچھا نہ تھا اور پہلی پینالٹی کو کروشیا کے گول کیپر نے روک لیا جبکہ مارسیلو بروزووچ نے گول کر کے کروشیا کو برتری دلا دی۔
ایلن زیگیوو نے روس کے لیے دوسری پینالٹی پر گول کیا لیکن کروشیا کے ماٹیو کوواچچ گول کرنے میں ناکام رہے اور مقابلہ 1-1 سے برابر ہو گیا۔
تاہم اضافی وقت میں روس کے لیے گول کرنے والے ماریو فرنینڈس تیسری پینالٹی پر گول کرنے میں ناکام رہے جبکہ کروشیا کے لوکا موڈرچ نے گول کر کے اپنی ٹیم کی برتری 1-2 کردی۔
اس کے بعد اگلی دونوں پینالٹیز پر روس کی جانب سے گول اسکور کیا گیا لیکن دوسری جانب کروشیا نے بھی گول اسکور کر کے 3-4 کی برتری کے ساتھ پینالٹی ککس پر کامیابی حاصل کی۔
اس میچ میں کامیابی کے ساتھ ہی کروشیا کی ٹیم نے 20سال بعد ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا جہاں اس سے قبل انہوں نے 1998 میں فرانس میں ہونے والے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنائی تھی۔
ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں 10جولائی کو بیلجیئم اور فرانس کی ٹیمیں ٹکرائیں گی جبکہ دوسرا سیمی فائنل 11 جولائی کو کروشیا اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔