|

وقتِ اشاعت :   July 9 – 2018

خضدار:  بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے مرکزی سربراہ و بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 38زہری کرخ مولہ و پی بی 39خضدار نال سے نامزد امیدوار میر اسراراللہ زہری نے کہا ہے کہ الیکشن میں غیر سیاسی افراد کو مسلط کرنے سے سیاسی احساس محرومیت میں اضافہ ہوگا اور اس کے منفی اثرات مرتب ہونگے۔

باشعور سیاسی کارکنوں ، دانشوروں اور تعلیم یافتہ طبقے کو دور اندیشی کا مظاہرہ کرتے ہوئے علاقے کی اجتماعی مفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے زہری ہاؤس خضدار میں سیاسی کارکنوں کے وفود اور الیکشن مہم کے سلسلے میں خضدار کے مختلف مقامات پر عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کودیگر تمام مفادات سے بالاتر ہوکر علاقے کی اجتماعی مفاد کا سوچنا ہوگا اور جس طرح سے جھالاوان میں غیر سیاسی ماحول کو پروان چڑھانے کی کوشش کی جارہی ہے اس کے سامنے بندھ باندھناہوگا۔انہوں نے کہا کہ بی این پی عوامی کی سیاست صوبے کے غریب عوام کی مفادات کے تابع ہے اور ہم ہر قسم کے تعصبات سے بالاتر ہوکر بلا رنگ و نسل تمام قومیتوں کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔ 

بی این پی عوامی نے ہمیشہ حقیقت پسندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صوبے کے عوام کی صحیح معنوں میں نمائندگی کی ہے اور ہم آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے عوامی حقوق کا تحفظ کر رہے ہیں۔بی این پی عوامی نے کبھی جزباتی نعروں کا سہارا نہیں لیا اور نہ ہی ہم عوام کو کھوکھلے نعروں کے ذریعے دھوکہ دینا چاہتے ہیں۔

میر اسراراللہ زہری نے کہا کہ بلوچستان کا اصل مسئلہ سیاسی احساس محرومی کا ہے اور اس کا واحد یہی ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں طریقے سے الیکشن لڑنے کا موقع دیا جائے اور عوامی مینڈٹ کا احترام کیا جائے۔ 

انہوں نے کہا کہ جس طرح سے غیر جمہوری ہتھکنڈوں کے ذریعے صوبے پر غیر سیاسی افراد کو مسلط کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اس سے بد اعتمادی میں مزید اضافہ ہوگا اور سیاسی ماحول میں کشیدگی پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

انہوں نے تمام سیاسی کارکنوں اور بلوچستان کے غیرت مند عوام سے اپیل کی ہے کہ پچیس جولائی کو بی این پی عوامی کے نامزد امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں ۔