خضدار: بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے سربراہ و بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 38 و 39 سے پارٹی کے نامزد امیدوار میر اسراراللہ زہری نے کہا ہے کہ پائیدار ترقی اور خوشحال مستقبل کے لےئے تبدیلی ضروری ہے۔بلوچستان کی سیاست میں جعلی و عوام دشمن سیاست دانوں کے لےئے کوئی گنجائش نہیں ۔
عوام نے ووٹ کی طاقت سے مفاد پرستوں اورسوداگروں کا راستہ نہیں روکا تو یہ صوبے کے عوام کے ساتھ ظلم کے مترادف ہوگا۔ان خیالات کے اظہار انہوں نے گزشتہ روز زہری ہاؤس خضدار میں مختلف عوامی وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی یہ بد قسمتی ہے کہ یہاں سے منتخب ہونے والوں نے ہمیشہ عوام کا استحصال کیا اور صوبے کی مجموعی عوامی مفادات پر سودا بازی کی۔پچیس جولائی کے انتخابات میں عوام کو ایسے مفاد پرستوں کا احتساب کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام نے امن و امان کی مخدوش صورتحال کی وجہ سے آگ وخون کا دریا پار کیا ہے۔وقت و حالات کا تقاضا ہے کہ بہتر مستقبل اور خوشحال زندگی کے لےئے عوامی فیصلہ شعور کی بنیاد پر آنا چاہےئے۔
اگر عوام نے پچیس جولائی کو اپنا فیصلہ سوچ سمجھ کر نہیں کیا تو اس کا خمیاہ ہماری آئندہ آنے والی نسلوں کو بھگتنا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ بی این پی عوامی نے اپنے قول و فعل کی یکسانیت سے ثابت کردیا ہے کہ عوام کی خدمت بی این پی عوامی سے بہتر کوئی اور جماعت نہیں کرسکتا۔اگر عوام نے کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ کا حق استعمال کیا تو بی این پی عوامی پچیس جولائی کو صوبہ بھر میں تاریخی کامیابی حاصل کریگی۔
انہوں نے کہا کہ جھالاوان صوبے کا پسماندہ ترین علاقہ ہے اور یہاں روزگار کے مواقع انتہائی محدود ہیں بی این پی عوامی کو اگر کامیابی سے ہمکنار کیا گیا تو جھالاوان کی ترقی ونوجوانون کو روزگار فراہم کرنے کے لےئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کےئے جائیں گے۔اس موقع پر بی این پی عوامی کے رہنماؤں ڈاکٹر حضوربخش زہری،حاجی شفیع بارانزئی،حاجی نورالدین چھٹہ و دیگر موجود تھے۔
بلوچستان میں عوام دشمن سیاستدانوں کیلئے کوئی گنجائش نہیں ، اسرار زہری
وقتِ اشاعت : July 11 – 2018