خضدار: نگران صوبائی وزیر داخلہ بلوچستان آغا عمر بنگلزئی نے کہاہے کہ پولنگ اور جاری الیکشن مہم میں امن وامان بر قرا رکھنے اور کسی بھی ممکنہ دہشت گردی کے واقع کی روک تھام کے لئے صوبائی حکومت نے تمام تر انتظامات مکمل کررکھے تھے ۔
سیکیورٹی ادارے امن وامان برقرار رکھنے اور الیکشن کے رو ز انتخابی عملے اور امیدواروں کے انتخابی عمل میں شریک تمام منتظمین و عوام کے تحفظ کے لئے حکمت عملی وضع کردی گئی ہے جس پر سختی سے عملدرآمد شروع کردیا گیا ہے پولیس و قانون نافذ کرنے والے ادارے ہائی الرٹ ہیں ۔
اس ضمن میں وہ خود ہر ڈویژنل ہیڈ کوارٹر میں جا کر انتظامی حالات کا جائزہ لے رہے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز یہاں ڈویژنل ہیڈکوارٹر خضدار میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ جس میں کمشنر قلات ڈویژن ڈاکٹر سعید جمالی ، ڈی آئی جی خضدار رینج عبداللہ جان ڈپٹی کمشنر خضدار محمد الیاس کبزئی ، ایس ایس پی خضدار لعل محمد بلوچ ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر محمد مراد مینگل ،ایس ای بی اینڈ آر ذوالفقار کھوسہ و دیگر محکموں کے سربراہان شریک تھے ۔
وزیرداخلہ آغا عمر بنگلزئی نے تمام انتظامی و پولیس اور لیویز آفیسران و اہلکاروں پر زور دیا کہ الیکشن پُرامن انداز میں منعقد کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے خصوصاً انتخابات سے قبل انتخابی سرگرمیاں عروج پر ہیں اس دوران عوام کو ہرممکن تحفظ فراہم کیا جائے تاکہ وہ آزادانہ طور پر اس جمہوری عمل میں شریک ہوسکیں ۔
انہوں نے کہاکہ صاف و شفاف اور پُرامن انتخابات کے انعقاد کی ذمہ داری ہمیں سونپی گئی ہے ،جسے پورا کرنے کے لئے حکومت امن وامان کے حوالے سے پالیسی تیار کرکے اس پر کام شروع کردیا ہے ، ووٹرز کو پولنگ اسٹیشن تک باعزت و باحفاظت و پرامن اور آذادانہ ماحول میں ووٹ کاسٹ کرنے کے لئے سیکیورٹی ادارے مصروف عمل ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ ہمیں احساس ہے کہ صوبے کے بہت سے علاقے انتہائی دور دراز اور دشوار گزار علاقوں پر مشتمل ہیں لیکن وہاں انتخابی ڈیوٹی سرانجام دینے والے عملے ووٹرز کو بھر پور سیکیورٹی فراہم کی جارہی ہے انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ ذمہ داری سے محنتی ایماندار اور قوم و ملک و صوبے سے محبت کرنے والے امیداروں کو منتخب کرکے جمہوری عمل کے اس اختیار کو استعمال میں لائیں ۔
انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ گھر کے سربراہ اپنی خواتین کو اس انتخابی عمل میں شریک کریں اور انہیں راغب کریں کہ وہ اپنا ووٹ ہر صورت استعمال کرسکیں ۔ قبل ازیں کمشنر قلات ڈویژن ڈاکٹر سعیدجمالی نے الیکشن انتظامات و امن و امان کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ قلات ڈویژن کے 8اضلاع میں انتخابی سرگرمیاں پُرامن طور پر جاری ہیں پولیس لیویز ایف سی امن وامان کے حوالے سے اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں ۔
پورے ڈویژن کے دور دراز علاقوں سمیت تمام بڑے شہروں کی مانیٹرنگ جاری ہے کسی بھی ناخوشگوار واقع سے نمٹنے کے لئے تمام ادارے ہائی الرٹ ہیں تمام انتخابی امیدواروں کو ان کی نقل و حمل جلسے جلوسوں وانتخابی ریلیوں کے لئے بھر پور سیکیو رٹی فراہم کی جارہی ہے ۔
انہوں نے کہاکہ انتخابات کے روز ووٹنگ کے حوالے سے انتظامات مکمل ہیں ضلع و تحصیل سطح پر مانیٹرنگ روم قائم کئے جار ہیں پولنگ عملے کو پولنگ اسٹیشن تک ہر طرح کی سیکورٹی و سہولت فراہم کی جائیگی پولنگ اسٹیشنوں کی سیکیورٹی الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق کی جارہی ہیں پولنگ اسٹیشنوں کی مرمت پانی و بجلی کی فراہمی کے لئے متعلقہ محکمے تقریباً کام مکمل کرچکے ہیں ۔
امن وامان کے لئے سیکیورٹی اداروں کا گشت بڑھا دیا گیا ہے قلات ڈویژن سے گزرنے والی قومی شاہراہ کی سیکورٹی سخت کردی گئی ہے ڈویژن کے تمام ادارے انتخابی فرائض بخوبی سرانجام دینے کے لئے مربو ط رابطے میں ہیں ۔
انتخابی مہم اور پولنگ کے دن سیکورٹی کے مکمل انتظامات ہیں، آغا عمر
وقتِ اشاعت : July 12 – 2018