کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع پنجگور میں اجتماعی قبر سے چار افراد کی ڈھانچہ نما لاشیں ملی ہیں۔ لیویز کا کہنا ہے کہ لاشیں ناقابل شناخت ہیں۔ لیویز کے مطابق لاشیں منگل کو پنجگور سے تقریباً ساٹھ کلومیٹر دور تحصیل پروم کے پہاڑی علاقے درغ دپ سے ملی ہیں۔
چاروں لاشیں پرانی ہونے کی وجہ سے ڈھانچوں میں تبدیل ہوگئی ہیں اور صرف ہڈیاں باقی رہ گئی ہیں۔چاروں لاشوں کو کھڈا کھود کر ایک ساتھ ہی دفنایا گیا تھا۔
دوروز قبل علاقے میں بارش ہونے کی وجہ سے مٹی ہٹنے کے بعد انسانی ہڈیاں نظر آنے پر علاقے سے گزرنے والے آئل ٹینکرز ڈرائیوروں نے لیویز کو اطلاع دی۔ تحصیلدار محمد رفیق بلوچ کی سربراہی میں لیویز ٹیم موقع پر پہنچی تو وہاں سے چار انسانی کھوپڑیاں اور کچھ ہڈیاں ملیں جنہیں لیویز نے تحویل میں لیکر لیویز ہیڈکوارٹر منتقل کردیا۔

بعد ازاں انہیں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کیا جائیگا۔لیویز کا کہنا ہے کہ چاروں لاشیں ناقابل شناخت ہیں۔ جائے وقوعہ سے بھی کوئی ایسی چیز نہیں ملی جس سے ان کی شناخت ہوسکے۔یہ بھی معلوم نہیں ہوسکا کہ یہ ڈھانچہ نما لاشیں کتنی پرانی ہیں۔ لاشوں کی شناخت اب ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے ہی ممکن ہوسکے گی۔