کوئٹہ : کوئٹہ کے پولیس ٹریننگ سینٹر پر حملے کی افواہ پر زیر تربیت پولیس اہلکار وں میں بھگدڑ مچ گئی اور انہوں نے ہاسٹل کی عمارت سے چھلانگیں ماردیں۔ بلندی سے کودنے کی وجہ سے 20سے زائد اہلکار زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب کوئٹہ کے تھانہ نیو سریاب کی حدود میں پیر پمپ ہوٹل کے قریب پولیس ٹریننگ کالج کے باہر پیش آیا جہاں نامعلوم ڈاکو ایک شہری کو لوٹ رہے تھے۔ اس دوران پولیس پہنچی تو ڈاکوؤں نے ہوائی فائرنگ کردی۔
پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی۔ دو طرفہ فائرنگ کی وجہ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور قریب ہی موجود پولیس ٹریننگ کالج کے ہاسٹل میں تربیت کی غرض سے رہا ئش پذیر پولیس اہلکاروں میں بھی خوف و ہراس پھیل گیا۔
یاد رہے کہ پولیس ٹریننگ سینٹر پر اکتوبر 2016ء میں دہشتگردوں نے حملہ کردیا تھا۔ دہشتگردوں نے ہاسٹل کے اندر گھس کر فائرنگ اور خودکش دھماکے کرکے پاک فوج کے کپتان اور ساٹھ پولیس اہلکاروں کو شہید اور سو سے زائد اہلکاروں کو زخمی کردیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب جب پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا تو ہاسٹل میں موجود ٹریننی اہلکار سمجھے کہ پولیس ٹریننگ سینٹر پر ایک بار پھر دہشتگردوں نے ایک بار حملہ کردیا ہے اس لئے وہ خوف و ہراس کا شکار ہوئے۔
اس صورتحال میں ہاسٹل میں بھگدڑ مچ گئی۔ کئی اہلکاروں نے خوف کی وجہ سے ہاسٹل کی عمارت کی دوسری منزل کی چھت اور کھڑکیوں سے چھلانگیں لگادیں جس کے نتیجے میں 20 سے زائد اہلکار زخمی ہوگئے۔ زخمی اہلکاروں کو سول ہسپتال کے شعبہ حادثات لے جایا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
کوئٹہ ،پولیس ٹریننگ سینٹر سریاب میں بھگدڑ 22اہلکار زخمی
![]()
وقتِ اشاعت : July 18 – 2018