تربت: آبسر کولوائی بازار اور زیارت سر میں نیشنل پارٹی کے الگ الگ کارنراجلاس، سابق وزیر اعلی ڈاکٹر مالک ، قاضی غلام رسول و دیگر رہنماؤں کا خطاب۔
نیشنل پاٹی کی جانب سے انتخابی مہم کے سلسلے میں آبسر کولوائی بازار اور زیارت سر میں بدھ کے روز کارنر اجلاس منعقد ہوئے جس میں نیشنل پارٹی کے مرکزی ہنما سابق وزیر اعلی ڈاکٹر مالک نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ الیکشن میں عوام کی طاقت کے زریعے نیشنل پارٹی ایک بار پھر اقتدار حاصل کرنے میں کامیاب ہو گی اور ترقی خوش حالی اور تعلیمی بہتری کے لیئے شروع کیئے گئے سفر کو جاری رکھے گی۔
انہوں نے کہاکہ 2013سے قبل کے گزشتہ پندرہ سالوں میں جو لوگ اقتدار میں رہے ان کا کردار قومی حقوق، سیاسی شعور اور تعلیم و صحت کے معاملے میں المناک رہا ہے ، ان کی وجہ سے بد امنی، انتشار اور سیاسی کلچر کا خاتمہ ہوا ،نوجوان تعلیمی اداروں کی تباہی سے مایوس ہو کر غیر سیاسی کلچر کا حصہ بن گئے ان رویوں کی وجہ سے ہمارا پورا معاشرہ سیاسی تنزلی اور سماجی انحطاط کا شکا ر ہوگیا۔
ایک وقت ایسا بھی آیا جب تربت جیسا شہر شام ہوتے ہی بند ہوجاتا، ہفتوں تک ہڑتالیں چلتیں، کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گیا تھا ، تاجر برادری کو اغواء برائے تاوان کے ازیت ناک المیے کا سامنا تھالیکن نیشنل پارٹی نے مختصر مدت میں شہر کی رونقیں بحال کیں، تعلیمی اداروں کو فعال اور سیاسی کلچر کو دوبارہ زندہ کر کے لوگوں کو سماجی و سیاسی سرگرمیوں میں شریک کرایا۔
انہوں نے کہاکہ نیشنل پارٹی نے حالات کا خندہ پیشانی کے ساتھ مقابلہ کر کے بہتری کی امید نا صرف پیدا کی بلکہ لوگوں میں چھائی مایوسی کا خاتمہ ممکن بنایا، کاروبار، تجارت اور سماجی سرگرمیاں پہلے کی نسبت زیادہ ابھریں جس کا اندازہ آج الیکشن تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کی جانب سے چلائی جانے والی الیکشن کمپئین سے بخوبی لگایا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ نیشنل پارٹی سیاسی کلچر کا پیدوا ر ہے اور عوام کو سیاسی طور پر باشعور کر کے ووٹ کے تقدس کو بحال کرنے کی جدوجہد کررہی ہے کیوں کہ چند سیاسی گروہوں اور غیر سیاسی عناصر کی وجہ سے ووٹ اور الیکشن کی اہمیت غارت ہوگئی ہے، سیاست کے نام پر جمہور کے ضمیر کی خرید و فروخت کی جارہی ہے جو سیاسی کلچر کو دوبارہ انہدام کی جانب لیجانے کا سبب بنے گا۔
انہوں نے کہاکہ نیشنل پارٹی کی کامیابی سیاست و معیشت، تعلیم و صحت، امن و امان اور قومی اجتماعی مفادات کی نگہبانی کا ضامن ہے اگر ہمارے مقابلے میں اقتدار ایسے عناصر کے پاس چلایا گیا جن کا سابقہ ریکارڈ علاقے میں تباہی لانے کا سبب بنا تھا تو ایک بار پھر وہی صورتحال پیداہوگی ۔
جیسا 2013تک تھا۔اس موقع پر پی بی46سے نیشنل پارٹی کے امیدوار قاضی غلام رسول، نیشنل پارٹی کے مرکزی فنانس سیکرٹری حاجی فدا حسین دشتی، ملا برکت، حاجی یاسین اور طارق بابل نے بھی خطاب کیا۔
عوام کی حمایت حاصل ہے الیکشن میں ایک بار پھر کامیابی حاصل کریں گے، ڈاکٹر مالک بلوچ
وقتِ اشاعت : July 19 – 2018