|

وقتِ اشاعت :   July 22 – 2018

بولاوایو:  پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو جیت کے لیے 365 رنز کا ہدف دیا ہے۔ 

زمبابوے کے شہر بلاوایو میں کھیلی جارہی پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں پاکستان نے زمبابوے کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور امام الحق نے کیا، دونوں اوپنرز نے ایک بار پھر شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور 168 رنز کی شراکت قائم کی۔

اوپنر فخر زمان نے 85 رنز کی اننگز کھیلی اور تیز ترین ایک ہزار رنز مکمل کرنے کا اعزاز بھی اپنے نام کرلیا تاہم وہ اپنی سنچری مکمل نہ کرسکے اور آؤٹ ہوگئے، امام الحق نے بھی زبردست کھیل کا مظاہرہ کیا اور سنچری مکمل کرتے ہوئے 110 رنز کی اننگز کھیلی۔

اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد ون ڈاؤن آنے والے بابر اعظم نے جارحانہ انداز اپنایا اور 106 رنز بناتے ہوئے سنچری مکمل کی جس کے باعث پاکستان نے مقررہ اوورز میں 364 رنز بنائے۔

واضح رہے کہ سیریز میں قومی ٹیم کو 0-4 کی پہلے ہی فیصلہ کن برتری حاصل ہے، چوتھے ون ڈے میں قومی ٹیم نے زمبابوے کو 400 رنز کا ہدف دیا تھا جب کہ سب سے بڑی اوپننگ شراکت کا عالمی ریکارڈ بھی قائم کیا تھا۔