|

وقتِ اشاعت :   July 23 – 2018

خضدار: جمعیت علما اسلام نظریاتی کے ضلعی امیر و حلقہ پی بی 38 خضدار ون سے نامزد امیدوار مولانا عبدالغفور کرخی پی بی 38خضدار ون سے پاکستان مسلم لیگ کے رہنما سابق وزیر اعلی بلوچستان نواب ثنا ء اللہ خان زہری کے حق میں دست بردار اور مکمل حمایت کا اعلان کر دیا ۔

یہ اعلان انہوں نے نواب ثناء اللہ خان زہری کی موجودگی میں خلق جھالاوان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع ہر نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا کہ مولانا عبدالغفور کرخی اور ان کے ساتھیوں کا میں شکر گزار ہوں جنہوں نے نہ صرف پی بی 38خضدار ون سے میرے حق میں دست بردار ہونے کا اعلان کیا ۔

بلکہ انہوں نے میری مکمل حمایت کا اعلان کرکے حلقے کے عوام کی ترجمانی کی نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا کہ میرے حلقے کے عوام نے جسطرح ماضی میں مجھے ووٹ دیکر عزت افزائی کی اس بار بھی میں امید کرتاہوں کہ وہ پہلے سے بھی زیادہ ووٹ دیکر اپنی خدمت کا موقع دینگے ۔

انہوں نے کہا کہ میں دعوی نہیں کرتا بلکہ یہ ثابت کرتاہوں کہ پورے بلوچستان میں جتنی ترقی میرے دور میں ہوئی وہ کبھی نہیں ہوا اگر عوام نے بھاری مینڈیٹ دیکر اسمبلی میں بھیجا تو انشاء اللہ ترقی کا آغاز پھر وہیں سے شروع کرینگے جہاں ترقی کے پہیے کو روکا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ یہ دور جدید معلومات اور ٹیکنالوجی کا دور ہے اب کوئی کسی کو دھوکہ نہیں دے سکتا انہوں نے کہا کہ بلا رنگ و نسل عوام کی خدمت پر یقین رکھتا ہوں میرے دور حکومت میں کسی کے ساتھ کوئی نا انصافی نہیں ہوئی ۔

فنڈز یا ترقیاتی منصوبے اجتماعی مفادات کو مد نذر رکھتے ہوئے دیئے جاتے تھے جس کی وجہ سے علاقے میں خوشحالی آئی صوبے میں صحت وتعلیم کے بڑے بڑے ادارے قائم کیئے مواصاات،آبنوشی جیسے منصوبوں کو ترجیحاتی بنیادوں پر فوقیت دی اور سب سے بڑھ کر یہ کہ ترقیاتی عمل میں کسی علاقے کو نظر انداز نہیں کیا ۔

زمینی حقائق اس بات کی گواہی دئینگے کہ بلوچستا ن میں امن و خوشحالی ہماری حکومت کا بلوچستان کے عوام کے لئے تحفہ ہے قبل ازیں جمعیت علماء اسلام نظریاتی کے ضلعی امیر و حلقہ پی بی 38 سے جمعیت علماء اسلام (نظریاتی) کے امیدوار مولانا عبدالغفور کرخی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مختلف جماعتوں کی جانب سے ہماری حمایت حاصل کرنے کے لئے رابطہ کیا گیا مگر نواب ثناء اللہ خان زہری نے سنجیدگی کا مظاہرہ کیا ۔

ہماری جماعت کو اہمیت دی اور اتحاد کی بات کی جس پر ہم نے حلقہ پی بی 38 سے ان کی حمایت کا اعلان کر دیا انہوں نے کہا کہ نواب ثنا ء اللہ خان زہری ملک و قوم کی حقیقی معنوں میں نمائندگی کا حق رکھتے ہیں اس موقع پر سینیٹر شہباز خان درانی کے علاوہ جمعیت علماء اسلام (نظریاتی) کے عہدیداران حافظ ثناء اللہ شاہ،عبدالباری شاہوانی،اور دیگر بھی موجود تھے