خضدار : جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا فیض محمد سمانی،بی این پی کے مرکزی رہنماء سابق رکن قومی اسمبلی میر عبدالرؤف مینگل،ایم ایم اے اور بی این پی کے مشترکہ امیدوار برائے حلقہ پی بی 39 خضدار میر یونس عزیز زہری نے کہا ہے کہ ووٹ ایک امانت ہے اس امانت کو اس پارٹی کے حق میں استعمال کرنا چائیے جس کی منشور میں تمام مسائل کا حل موجود ہے ووٹ تقدیر بدلنے کی بنیاد ہے ۔
اگر خضدار کے عوام تبدیلی چاہتے ہیں تو بی این پی اور ایم ایم اے کے مشترکہ امیدواروں کو کامیاب کر کے اس تبدیلی میں اپنا کردار ادا کریں ان خیالات کا اظہار انہوں نے بی این پی (حکیم آباد) یونٹ کے زیر اہتمام انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انتخابی جلسے سے جماعت اسلامی ضلع خضدار کے صدر مولانا محمد اسلم گزگی،بی این پی کے ضلعی رہنماء میر شفیق الرحمن ساسولی،ڈاکٹر محمد بخش مینگل،مولانا محمد قاسم قلندرانی،محمد صادق غلامانی،شازیہ روف مینگل،شفیق احمد مینگل،آغا سمیع اللہ شاہ سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا ۔
جے یو آئی اور بی این پی کے رہنماوں کا کہنا تھا کہ آج موقع ہے عوام کے پاس کہ وہ اپنی تقدیر کا فیصلہ خود کر کے ایسی پارٹیوں کی نامز د امیدواروں کو حق نمائندگی کا دیں جو قومی اور صوبائی اسمبلی میں یہاں کے لوگوں کی آواز بہتر انداز میں پہنچانے کے ساتھ ساتھ ترقیاتی فنڈز دیانت کے ساتھ یکساں طور پر عوام پر خرچ کریں ازمائے ہوئے امیدواروں کو دوبارہ ازمانا سنگین غلطی ہو گی اور اس طرح کی غلطیاں ہمیشہ انسان کو تاریک راستوں کی جانب دھکیل دیتی ہیں ۔
بلوچستان نیشنل پارٹی اور ایم ایم اے دونوں جماعتوں نے ہمیشہ عوام کی آواز بلند کی اور اگر عوام نے ہمیں اپنی خدمت کا موقع دیا تو ہم انشاء اللہ خضدار کے بنیادی عوامی مسائل اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ اسمبلیوں میں بھی عوام کے حق کی آواز بلند کرنے کی بھر پور کوشش کرئینگے۔
خضدار کے عوام تبدیلی چاہتے ہیں، مولانا فیض محمد، رؤف مینگل
وقتِ اشاعت : July 24 – 2018