کوئٹہ: بلوچستان عوامی پارٹی اور ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی نے مشترکہ پریس کانفرنس کی، ایچ ڈی پی کے سربراہ عبدالخالق ہزارہ کا کہنا ہے کہ ہم آنے والی حکومت میں بلوچستان عوامی پارٹی کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہیں، آنے والی حکومت میں ہماری کوشش ہو گی کہ عوام کے مسائل کو حل کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے کبھی بھی مذہبی انتشار کو فروغ نہیں دیا، ایچ ڈی پی کے دروازے ہر قوم کے لیے کھولے ہیں، اس موقع پر بلوچستان عوامی پارٹی کے صدر جام کمال نے ایچ ڈی پی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس سے قبل اے این پی کے تین امیدواروں نے ہماری حمایت کا اعلان کیا، ہمارا مقصد بلوچستان کی ترقی ہے۔
بلوچستان کسی ایک جماعت کا نہیں بلکہ سب کی ہے، جام کمال خان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ وفاق سے بلوچستان کو ہر حق ملے، ہماری اور اتحادیوں کی موجودہ تعداد 23 ہوگئی، آنیوالے دنوں میں ہمارے اتحادیوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا.