|

وقتِ اشاعت :   July 30 – 2018

خضدار: این اے 268سے نومنتخب رکن قومی اسمبلی و جے یوآئی قلات کے امیر مولانا سید محمود شاہ نے کہاہے کہ قلات، مستونگ، و سکندرآباد کے عوام نے ہم پر جس اعتماد اور بھروسے کا اظہار کیا ہے اس کی لاج رکھتے ہوئے میں عوام کی امیدوں پر بھر پور انداز میں اترنے کی کوشش کرونگا ۔

انہوں نے کہاکہ تین اضلاع کے غیور عوام نے جس بڑی تعداد میں کتاب کے حق میں ووٹ مہر ثبت کرکے یہ ثابت کردیا کہ یہ ریجن علمائے کرام کے ساتھ ہے اور آئندہ بھی علماء کے ساتھ رہیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ پر ملاقات کے لئے آنے والے لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پر خضدار پریس کلب کے صدر عبداللہ شاہوانی ، فنانس سیکریٹری محمد خان ساسولی نے نومنتخب ایم این اے مولانا سید محمود شاہ کو مبارک باد پیش کی ۔

میری کوشش ہو گی کہ اپنے حلقے سمیت پورے بلوچستان کی نمائندگی و ترجمانی قومی اسمبلی کے فورم پر کرکے بلوچستان کے مدعا کو احسن انداز میں پیش کروں ، انہوں نے کہاکہ اسلامی اقدار و احیائے اسلام کا تحفظ میرامشن ہوگا ۔

جمعیت علمائے اسلام نے ماضی میں بھی پارلیمنٹ میں بہتر انداز میں کردار نبہایا ہے اور آئندہ بھی اپنی اس روایت کو برقرار کھے گی ، رکن قومی اسمبلی مولانا محمود شاہ نے کہاکہ میں ایک بار پھر قلات ، سکندرآباد اور مستونگ کے عوام کا تہہ دل کے ساتھ شکر گزار ہوں کہ جنہوں نے مجھے بھاری اکثریت سے کامیاب کرکے ہم پر اعتماد کا اظہار کیاہے ۔