|

وقتِ اشاعت :   August 5 – 2018

کوئٹہ: کوئٹہ میں سبزی منڈی میں آگ لگنے سے سبزی اور پھل فروشوں کے سو سے زائد ٹھیلے اور جھونپڑی نما دکانیں جل کر خاکستر ہوگئیں۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ خون پسینے کی کمائی آگ کی نذر ہوگئی۔

پولیس کے مطابق ہفتہ کی شام کو کوئٹہ کے علاقے جائنٹ روڈ کی سبزی منڈی کی ایک جھونپڑی نما دکان میں چانک آگ بھڑک اٹھی۔ دیکھے ہی دیکھتے ہی آگ نے قریب کی دیگر جھونپڑیوں اور ریڑھیوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔ 

اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ موقع پر پہنچا۔فائر فائٹرز نے دس سے زائد گاڑیوں کی مد دسے ایک گھنٹے بعد آگ پر قابو پالیاتاہم آگ نے بجھنے سے قبل ایک سو بیس کے قریب ریڑھی بانوں اور دکانداروں کا لاکھوں روپے کا نقصان کردیا۔

ایک متاثرہ ریڑھی بان نے بتایا کہ ایک سو بیس کے لگ بھگ ریڑھیوں اور جھونپڑی نما دکانوں میں ہر ایک میں تین سے چار لاکھ روپے کی سبزیاں، پھل اور دیگر سامان موجود تھا اور سب جل کر تباہ ہوگیا۔ 

ایک اور متاثرہ شخص نے بتایا کہ اس نے آج ہی ستر ہزار روپے کا آم ادھار پر خریدا تھا جو آتشزدگی میں جل گیا۔متاثرہ ہونیوالے تمام افراد غریب افراد ہیں جن کا تمام سرمایہ اور خون پسینے کی کمائی آگ کی نذر ہوگئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ اب تک معلوم نہیں ہوسکی ہے۔ آتشزدگی کی تحقیقات شروع کردی ہے۔