کوئٹہ: کوئٹہ سے بلوچستان اسمبلی کے رکن منتخب ہونیوالے مبینہ افغان شہری احمد علی کہزاد قتل کے مقدمے میں نامزد نکلے۔پولیس نے ان کی گرفتاری کیلئے عدالت سے وارنٹ گرفتاری حاصل کرلئے۔
کوئٹہ کے حلقہ پی بی 26 سے بلوچستان اسمبلی کے رکن منتخب ہونیوالے احمد علی کہزاد نادرا کی جانب سے غیرملکی قرار دیئے جانے کے بعد ایک اور مشکل بھی پھنس گئے۔احمد علی کہزاد جنوری میں ہونیوالے ایک قتل کے مقدمے میں سی آئی اے پولیس کو ان کی تلاش ہے۔پولیس کے مطابق 23 جنوری کو کوئٹہ کے علاقے مری آباد میں خالی پلاٹ سے لاپتہ جیولر محمد حفیظ کی لاش ملی تھی جس پر تھانہ قائد آباد میں نامعلوم ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ نمبر 2018/3 درج کیا گیا۔
پولیس کے اعلیٰ حکام نے مقدمے کی تفتیش سی آئی اے پولیس کو منتقل کی۔ تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ جس پلاٹ سے جیولر کی لاش ملی تھی وہ ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنماء احمد علی کہزاد اور تین دیگر افراد کی ملکیت ہے۔
مقتول محمد حفیظ کے بیٹے کی تحریری درخواست پر پولیس نے احمد علی کہزاد سمیت پانچ افراد کو مقدمے میں نامزد کیا۔نامزد کئے گئے پانچویں شخص پلاٹ کے پرانے مالک ہیں۔ سی آئی اے پولیس نے مقدمے میں نامزد پلاٹ کے تین مالکان کو گرفتار کرلیا اورکوئٹہ کی مقامی عدالت جوڈیشل مجسٹریٹIIسے احمد علی کہزاد سمیت دو ملزمان کے وارنٹ گرفتاری حاصل کرلئے۔
احمد علی کہزاد نے ٹیلیفون پر اپنا مؤقف دیتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے تین دوستوں کے ساتھ ملکر یہ پلاٹ خریدنا چاہا مگر بعد میں پیسے نہ دے سکا اور باقی دوستوں نے ملکر یہ پلاٹ خرید لیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کا اس کیس کوئی تعلق نہیں۔تینوں دوست ضمانت پر رہا ہوچکے ہیں۔ وہ بھی جلد پولیس کے سامنے پیش ہوکر اپنا مؤقف دے دینگے۔
مقتول جیولر محمد حفیظ کے بھائی محمد رحیم نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ ان کے بھتیجے اور مقتول کے بیٹے نے غلط فہمی کی بنیاد پر احمد علی کہزاد کو مقدمے میں نامزد کیا، بعد میں ہمیں معلوم ہوا کہ ان کا اس کیس سے کوئی تعلق نہیں۔ ہم نے پلاٹ کے مالکان کو صرف شک کی بنیاد پر نامزد کیا ہے۔
یاد رہے کہ احمد علی کہزاد 25 جولائی 2018ء کے انتخابات میں کوئٹہ سے بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 26 سے کامیاب ہوئے تھے۔ ان کی پاکستانی شہریت سے متعلق بلوچستان ہائی کورٹ میں مقدمے کی سماعت کے دوران نادرا اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کی جانب سے بتایا گیا کہ احمد علی کہزاد پاکستانی نہیں ہے۔عدالت میں شہریت سے متعلق اس کیس کی سماعت آج پیر کو ہوگی۔
بلوچستان اسمبلی کے نو منتخب رکن احمد علی کہزاد قتل کے مقدمے میں نامزد نکلے
![]()
وقتِ اشاعت : August 6 – 2018