کوئٹہ: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 41 واشک پر امیدوار کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کا حکم دے دیا۔ اگلی سماعت پر ریٹرننگ آفیسر اور متعلقہ پریزائیڈنگ افسران کو طلب کرلیا۔
الیکشن کمیشن نے یہ حکم پی بی 41واشک پر ہارنے والے بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار سابق صوبائی وزیر میر مجیب الرحمان محمد حسنی کی درخواست پر اسلام آباد میں ہونیوالی سماعت کے بعد دیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے چاروں صوبوں کے ممبران پر مشتمل بنچ نے درخواست کی سماعت کی۔اس حلقے پر متحدہ مجلس عمل کے زابد علی ریکی 12807ووٹ لیکر کامیاب ہوئے تھے۔ انہوں نے صرف 219 ووٹوں کے فرق سے مجیب الرحمان محمد حسنی کو شکست دی۔
پاک ایران سرحد سے ملحقہ بلوچستان کے ضلع واشک کے پْشتکو اور سرآپ نام کے دوپولنگ اسٹیشنز کے ووٹ ریٹرننگ آفیسر نے پی بی 41 کے حتمی نتیجے میں شامل نہیں کئے کیونکہ متعلقہ پریزائیڈنگ آفیسر زنے حلفیہ بیانات دیئے تھے کہ حساس علاقے میں واقع ان دو پولنگ اسٹیشنز پر ووٹ استعمال نہیں ہوئے اورمسلح افراد نے ان سے بیلٹ پیپرز چھین کر اس پر مہر لگا کر واپس کئے۔
واضح رہے کہ ان پولنگ پولنگ اسٹیشنز کے ووٹ بیشترہارنیوالے امیدوار مجیب الرحمان حمد حسنی کے حق میں پڑے تھے اورگنتی میں شمار نہ ہونے کی وجہ سے وہ ہار گئے۔
پیر کو الیکشن کمیشن کے اسلام آباد میں واقع دفتر میں ہونیوالی سماعت کے دوران درخواست گزار کی جانب سے ارباب طاہر ایڈووکیٹ پیش ہوئے اورالیکشن کمیشن کو بتایا کہ ضلع واشک کے پشتکو اور سرآپ نامی دو پولنگ اسٹیشنزکے ووٹ صوبائی حلقے پی بی 41 کے نتائج میں شامل نہیں کئے گئے مگر قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 270میں شمار کئے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ ایم ایم اے کاامیدوار صرف 219 ووٹوں کے فرق سے جیتا ہے جبکہ ان دو پولنگ اسٹیشنز میں 315 ووٹ ڈالے گئیمگر ریٹرننگ آفیسر نے ان 315 ووٹوں کو گنتی میں شمار نہیں کیاجس کی وجہ سے نتیجہ تبدیل ہوگیا اور ان کے مؤکل کی حق تلفی ہوگئی۔
درخواست میں ریٹرننگ آفیسر کو فریق بناتے ہوئیمؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ریٹرننگ آفیسر کو ووٹوں کی گنتی کا تو اختیار حاصل ہے مگر کسی پولنگ اسٹیشن کے ووٹ گنتی سے خارج کرنے کا کوئی اختیار نہیں۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ پی بی 41 کا نتیجہ روک کر دونوں پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کو بھی گنتی میں شامل کیا جائے۔
الیکشن کمیشن کے ممبران نے دلائل سننے کے بعد پی بی 41 پر امیدوار کی کامیابی کا نوٹیفکیشن تاحکم ثانی جاری نہ کرنے کی ہدایت کی اور ریٹرننگ آفیسر اور متعلقہ پولنگ اسٹیشنز کے پریزائیڈنگ افسران کو ریکارڈ سمیت 9 اگست کو اگلی سماعت پر اسلام آباد طلب کرلیا۔
پی بی 41واشک امید وار کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روک دیا گیا
![]()
وقتِ اشاعت : August 7 – 2018