|

وقتِ اشاعت :   August 7 – 2018

کوئٹہ: قومی احتساب بیورو (نیب ) نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں سابق مینجنگ ڈائر یکٹر واسا کوئٹہ حامد لطیف رانا سمیت 11 ملزمان کے خلاف ضمنی ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کر دیا۔کراچی،راولپنڈی اور کوئٹہ میں مزید جائیدادوں کا سراغ لگا لیا گیا۔ 

سابق ایم ڈی واسا نے 35 کروڑ 40 لاکھ کے غیر قانونی اثاثے بنائے۔نیب بلوچستان نے سابق ایم ڈی واسا حامد لطیف رانا کو اگست 2017 میں گرفتار کر کے جیل بھیجوا دیاتھا۔ ملزم کے خلاف تحقیقات مکمل کر کے عبوری ریفرنس احتساب عدالت میں جمع کروا دیا گیاتھا تاہم غیر قانونی اثاثہ جات کیس میں کچھ مزید شواہد اور معلومات کی روشنی میں مزید اثاثوں کی بھی تحقیقات جاری رکھی گئی۔ 

تحقیقات میں معلوم ہوا کہ سابق ایم ڈی واسا نے اپنے عزیز اقرباء اور دوستوں کی معاونت سے دورانِ ملازمت بڑے پیمانے پر کرپشن کرتے ہوئے 35 کروڑ 40 لاکھ کے غیر قانونی اثاثے بنائے۔

ترجمان کے مطابق نیب کی تحقیقاتی ٹیم نے ملزم کے خلاف تحقیقات میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے بینک اکاوئنٹس اور کراچی راولپنڈی اور کوئٹہ میں مزید جائیدادوں کا سراغ بھی لگا لیا۔ نیب نے پیر کو مزید غیر قانونی اثاثوں کے دستاویزی ثبوتوں کے ساتھ ضمنی ریفرینس احتساب عدالت میں جمع کروادیا۔

ترجمان کے مطابق نیب کی تحقیقات جاری ہیں اورکیس کا دائرہ کار بڑھاتے ہوئے ملزم کے بے نامی داروں اور سہولتکاروں کا کھوج لگایا جارہا ہے۔ اس سلسلے میں مزید انکشافات اور گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔