|

وقتِ اشاعت :   August 27 – 2018

کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے تربت میں دستی بم حملے میں تین ایف سی اہلکاروں سمیت پانچ افراد زخمی ہوگئے۔ 

پولیس کے مطابق واقعہ کیچ کے ضلعی ہیڈ کوارٹر تربت کے مین بازار میں نیشنل بینک کے قریب پیش آیاجہاں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے دکان کے باہر کھڑی فرنٹیئر کور 126 ونگ کے کوئیک رسپانس فورس کی گاڑی پر دستی بم پھینکا۔دستی بم گاڑی کے قریب گر کر دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں تین اہلکار اوردو سویلین زخمی ہوگئے۔ حملے کے بعد موٹر سائیکل سوار فرار ہوگئے۔

حملے میں زخمی ہونیوالوں میں سپاہی محمد شفیق ، سپاہی شمس الدین، سپاہی خلیل الرحمان، سویلین ڈرائیور محمد بخش ولد خیر دین سکنہ ہوشاب اور راہ گیر چنگیز ولد الٰہی بخش سکنہ حب شامل ہیں۔ زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال تربت منتقل کردیا گیا۔ 

پانچوں زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔زخمی ایف سی اہلکاروں کو مزید علاج کیلئے کوئٹہ منتقل کیا جارہا ہے۔ واقعہ کے بعد پولیس اور ایف سی کی اضافی نفری نے موقع پرپہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ شہر میں مختلف مقامات پر ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی۔