لاہور: فیفا صدر گیانی انفانٹینو نے پاکستان کے دورے کی دعوت قبول کرلی۔
پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر مخدوم سید فیصل صالح حیات نے فیفا کے صدر گیانی انفانٹینو سے ملاقات کی، ملاقات میں فیفا صدر جیانی نے پاکستان کو فیفا کا ایک اہم رکن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان بڑی آبادی پر مشتمل ملک ہے جس میں آگے بڑھنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے، ملاقات میں دیگر امور کے ساتھ فیفا فارورڈ پروگرام پربھی تفصیلی گفتگوہوئی۔
صدر پی ایف ایف نے فیفا کے اس پروگرام کوفٹبال کے فروغ کے لیے انتہائی سودمند قراردیتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کے ذریعے ہر ممبر ایسوسی ایشن اپنی ضروریات کے مطابق پراجیکٹس بنا سکتی ہے، فیفا کے صدر کی پاکستان میں فٹبال کے فروغ میں گہری دلچسپی بھی قابل ستائش ہے۔
فیفا صدرنے پاکستان میں نامکمل گول پراجیکٹس کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے اور خانیوال میں ٹرف بچھانے کی یقین دہانی کرائی ہے، انھوں نے گزشتہ حکومت کی ایما پر پی ایف ایف ہیڈ کوارٹرز پر تین سالہ قبضے کے مشکل وقت میں پی ایف ایف کے اصولی موقف کی حمایت جاری رکھی۔
مخدوم سید فیصل صالح حیات نے بتایا کہ فیفا کی قیادت پاکستان میں فٹبال کے تعطل سے ہونے والے نقصانات سے اچھی طرح آگاہ اور بحالی کیلیے ہرممکن مدد فراہم کرنے کیلیے تیار ہے ،اس سلسلے میں فیفا کا وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا اور اس عرصے کے دوران پی ایف ایف کے ساتھ مل کرفٹبال کو پہنچنے والے نقصانات کے ازالے کے لیے لائحہ عمل تیار کرے گا اور فیفا کے اسٹیٹیوٹس میں درج ممبر ایسوسی ایشن کی آزادی کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔
فیفا پی ایف ایف کے اسٹیٹیوٹس میں نظر ثانی کے لیے تکنیکی معاونت فراہم کرے گا، میٹنگ کے دوران گیانی انفانٹینو کو گزشتہ 4 ماہ میں جاری رہنے والی سرگرمیوں نیشنل چیلنج کپ، نیشنل ویمنز ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل مقابلوں، قومی ٹیموں کی ایشین گیمز اور ساف چیمپئن شپ میں شرکت کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔