|

وقتِ اشاعت :   September 6 – 2018

کوئٹہ: گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی کا استعفیٰ منظور کرلیا گیا۔ نئے گورنر کی تعیناتی تک اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالقدوس بزنجو قائمقام گورنر کے فرائض سرانجام دیں گے۔محمد خان اچکزئی نے اسلام آباد جاکر صدرمملکت ممنون حسین سے ملے اور انہیں اپنا تحریری استعفیٰ پیش کیا۔ 

صدر مملکت نے وزیراعظم کی ایڈوائس پر گورنر محمد خان اچکزئی کا استعفیٰ منظور کرلیا۔ استعفے کی منظوری کا اطلاق 5 ستمبر سے ہو گا۔کابینہ ڈویڑن نے گورنر بلوچستان کے استعفیٰ کی منظوری کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔ 

نوٹیفکیشن کے مطابق نئے گورنر کی تعیناتی تک اسپیکر بلوچستان اسمبلی قائمقام گورنر رہیں گے۔ محمد خان اچکزئی کو 11 جون 2013ء کو اس وقت کے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی ایڈوائس پر صدر آصف علی زردار نے بلوچستان کا 23واں گورنر مقرر کیا تھا۔ وہ پانچ سال سے زائد عرصے تک اس عہدے پر فائز رہے۔ 

محمد خان اچکزئی پشتونخواملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی اور سابق صوبائی وزیر حامد خان اچکزئی کے بڑے بھائی ہیں۔ ان کے والد عبدالصمد خان اچکزئی برطانوی راج کے خلاف تحریک آزادی میں پیش پیش رہے۔ 

محمد خان اچکزئی ریٹائرڈ بیورو کریٹ ہیں اور پلاننگ کمیشن آف پاکستان میں بھی کام کرچکے ہیں۔گورنر بلوچستان کے عہدے کو پر کرنے کیلئے وزیراعظم عمران خان اور تحریک انصاف کی قیادت بلوچستان میں اپنی اور اتحادی جماعتوں کی قیادت سے مشاورت کررہی ہیں۔ آئندہ چند دنوں میں گورنر بلوچستان کے نام کا اعلان متوقع ہے۔