|

وقتِ اشاعت :   September 8 – 2018

کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے یوم دفاع کی تقریب میں نسوار لگانے کی تردید کردی۔

6 ستمبر کو جی ایچ کیو میں ہونے والی یوم دفاع کی تقریب میں شاہد آفریدی نے بھی شرکت کی تھی۔ ان کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں وہ تقریب کے دوران بظاہر نسوار لگاتے دکھائی دے رہے ہیں تاہم انہوں نے اس کی تردید کی ہے۔

کراچی میں نجی تعلیمی ادارے میں شرح خواندگی سے متعلق کانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں شاہد آفریدی نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر صحافی نے شاہد آفریدی سے نسوار لگانے والی ویڈیو سے متعلق سوال کیا تو انہوں نے صحافیوں کو لونگ اور سونف خوشبو کا مزہ لینے کی پیشکش کردی۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ جو چیز میں نے تقریب میں کھائی تھی وہ میرے پاس اس وقت بھی موجود ہے، اگر چکھنا ہے تو آپ بھی چکھ سکتے ہیں، لونگ اور سونف خوشبو کا مزہ لینا ہے تو میرے پاس یہ موجود ہے۔ پھر شاہد آفریدی نے پیکٹ کھولا اور اس میں سے چیز نکال کر اپنے ہاتھ سے صحافی کو کھلادی۔