|

وقتِ اشاعت :   September 15 – 2018

کوئٹہ: صوبائی وزیر فشریز میر عبدالرؤف رند نے کہا ہے کہ بلو چستان میں محکمہ فشریز کو فعال بنانے کیلئے شفافیت کیساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے ذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر صوبے کے عظیم تر مفاد کیلئے کام کرنا ہوگا۔

غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے جامع منصوبہ بندی کرناضروری ہے، نوجوانوں کے بہتر مستقبل اور صوبے میں تبدیلی لانے کیلئے ٹیم ورک کی ضرورت ہے محکمہ فشریز میں تاخیر کا شکار منصوبوں کی انکوائری کرائی جائے گی ۔

یہ بات انہوں نے محکمہ فشریز کے افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سیکرٹری فشریز ارشد حسین بگٹی ، ڈی جی فشریز بالا چ عزیز ، منیجنگ ڈائریکٹر پی ایچ ایف اے اقبال ، بی سی ڈی اے کے رضوان سمیت دیگر نے شرکت کی۔

میر عبدالروف رند نے کہا کہ آنے والے دنوں میں عوام کے بہتر مفاد میں مل جل کر کام کریں گے ٹرانسفر پوسٹنگ ملازمت کا حصہ ہے افسران کی ذمہ داری ہے کہ وہ دیانتداری کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں وزیراعلیٰ جام کمال کی قیادت میں بلوچستان عوامی پارٹی عوام کو ڈلیور کرنے کیلئے اقتدار میں آئی ہے نوجوانوں کے بہتر مستقبل اور صوبے میں تبدیلی لانے کیلئے ٹیم ورک کی ضرورت ہے اس کیلئے شفافیت کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔

ہمیں تمام ترذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر صوبے کے مفاد کے لئے سوچنا ہوگا جن مسائل کا ذکر کیا گیا ہے انہیں حل کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے ترقیاتی منصوبوں سمیت دیگر تمام معاملات کو دیکھنے کی ضرورت ہے محکمہ کے زیر اہتمام جاری ترقیاتی کاموں کی سائٹس کا دورہ کریں گے۔ 

انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کے اجلاس میں متفقہ طورپر فیصلہ کیا گیاہے کہ اسلام آباد میں بلوچستان کا سب آفس قائم کریں گے جو صوبے اور وفاق کے درمیان بات چیت سمیت دیگر معاملات کو دیکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ محکمے کے جو مسائل تعطل کا شکار ہیں انہیں جلد حل کرنے کیلئے اقدامات کریں گے۔