|

وقتِ اشاعت :   September 16 – 2018

کوئٹہ:عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ ہماری منزل اقتدار نہیں بلکہ پشتون قومی مسائل کا حل ہے ، پشتونوں کوا من ، ترقی اور خوشحالی چاہئے جس کے حصول کے لئے پارٹی ہر اول دستے کا کردار ادا کرتی رہے گی ،۔

حالیہ الیکشن میں خیبرپشتونخوا میں پارٹی کے ساتھ جو کھلواڑ کیا گیا وہ پوری دنیا کے سامنے ہے ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت پارٹی کو خیبر پشتونخوا میں عوام سے دور رکھنے کی سازش کی گئی، باچاخان اور ان کے ساتھیوں کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ انہوں نے کہ پشتونوں کو جدید سائنسی بنیادوں پر قائم تنظیم سے روشناس کرایا پشتون ایس ایف پشتون قومی تحریک کا طاقتور بازو ہے۔

جس کے بغیر قومی حقوق کا حصول ممکن نہیں حقوق کے حصول اور پشتون قومی سوال کے لئے پشتون ایس ایف نے پارٹی کے شانہ بشانہ قربانیاں دی ہیں جنہیں رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا۔

ان خیالات کااظہار عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر صوبائی اسمبلی میں پارٹی کے پارلیمانی لیڈر و صوبائی آرگنائزر پشتون ایس ایف اصغرخان اچکزئی ، صوبائی صدر پشتون ایس ایف ملک انعام کاکڑ ، ضلعی صدر ہرنائی ولی داد میانی ،صوبائی نائب صدر اصغر علی ترین ، ملک سنگین خان مہترزئی ، مابت کاکا ، ناصر میانی ، شاہ محمود، صدام بازئی ، ندیم شاہ قادری و دیگر مقررین نے ہفتے کے روز ڈگری کالج ہرنائی میں پشتون سٹوڈنٹس فیڈریشن کے ضلعی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ پشتون ایس ایف پشتون قومی تحریک کا طاقتور بازو ہے جس نے پارٹی کے شانہ بشانہ قوم میں علمی سائنسی اور سیاسی شعور پھیلاتے ہوئے کامیاب اور فعال کردار ادا کیا پشتون ایس ایف نے پشتون قومی سوال کے لئے پارٹی کے شانہ بشانہ فعال کردار ادا کیا۔

اور پشتونوں کو حقوق کی آگاہی دینے کے ساتھ ساتھ پارٹی قائدین کی طرح پشتون ایس ایف کے کارکنوں اور عہدیداروں نے بھی ہر طرح کی قربانیاں دیں قیدو بند کی مصیبتیں برداشت کیں حقوق کے حصول کے لئے منظم سیاسی جدوجہد بہت زیادہ ضروری ہے۔

اور یہ اعزاز عوامی نیشنل پارٹی کو جاتا ہے جس نے قوم کو تنظیمی ڈسپلن سے روشناس کرایا بیسویں صدی میں باچاخان بابا کی قیادت میں خدائی خدمتگاروں نے صرف عدم تشدد کا فلسفہ ہی نہیں دیا بلکہ اس کے ساتھ ساتھ قوم کو جدید سائنسی بنیادوں پر قائم تنظیم سے بھی روشناس کرایا پشتون ایس ایف کا کردار اس حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت پشتونوں کو بیک وقت بہت سارے مسائل کا سامنا ہے ان کے وطن پر دہشت گردی اور انتہا پسندی کا ناسور پھیلا ہواہے ایسے حالات پیدا کئے گئے جن میں پشتونوں کو حقوق حاصل نہیں انہیں زبان اور لباس کی بنیاد پر امتیازی سلوک کا سامنا ہے حالانکہ پشتون دنیا کی پرامن ترین قوم ہے جس نے ہمیشہ امن ترقی اور خوشحالی کی بات کی اور بھائی چارے کو فروغ دیا آج بھی پشتونوں کا سب سے بڑا مطالبہ یہی ہے۔

کہ انہیں امن ترقی اور خوشحالی دی جائے جس کے حصول کے لئے پارٹی نے پہلے بھی ہر اول دستے کا کردار ادا کیا اور آئندہ بھی پہلی صف میں نظر آئے گی ۔ پارٹی رہنماؤں نے کا کہنا تھا کہ حالیہ انتخابات میں اے این پی کو انتہائی غیر معمولی حالات کا سامنا رہا ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت پارٹی کے ساتھ خیبر پشتونخوا میں کھلواڑ کیا گیا جو پوری دنیا کے سامنے ہے اگر کچھ لوگ یہ سمجھتے ہیں ۔

کہ اے این پی کو پارلیمنٹ سے باہر رکھ کر پشتونوں کے دل و دماغ سے اے این پی کانام مٹایا جاسکتا ہے تو یہ ان کی بھول ہے پارٹی پارلیمنٹ کے اندر اور پارلیمنٹ کے باہر ہر جگہ پشتون حقوق کا دفاع کرے گی انہوں نے کہا کہ صوبے میں عوامی نیشنل پارٹی صوبائی حکومت کا حصہ ہے مگر اس کا یہ مطلب نہیں کہ ہمیں اقتدار ہر چیز سے پیارا ہے بلکہ حقیقت تو یہ ہے۔ کہ ہماری منزل اقتدار کا حصول نہیں بلکہ پشتون قومی مسائل کا حل ہماری منزل ہے جس سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹ سکتے ۔

عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کے وفد کے ہمراہ ہرنائی میں سانحہ 8اگست 2016ء میں شہید ہونے والے وکیل محب اللہ ایڈووکیٹ اور شاہرگ میں شہید عبدالخالق علیزئی اور شہید عبدالرزاق علیزئی کی قبرون پر گئے وہاں فاتحہ خوانی کی اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا ۔ دریں اثناء عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماؤں اور مہمانوں کے اعزاز میں پارٹی رہنماء نقیب اللہ پانیزئی نے اپنی رہائش گاہ کلی زردالو میں عصرانہ دیا ۔