راولپنڈی: ایفیڈرین کیس میں سزا یافتہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کو اڈیالہ سے اٹک جیل منتقل کردیا گیا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں ایفیڈرین کوٹہ کیس میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے تھے۔ چند روز قبل سوشل میڈیا پر ایک تصویر وائرل ہوئی تھی جو اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کے دفتر میں اتاری گئی تھی، تصویر میں نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اپنی سزا معطلی کے بعد مسلم لیگ (ن) کے دیگر رہنماؤں کے ساتھ بیٹھے نظر آتے ہیں۔ اس تصویر میں حنیف عباسی بھی موجود تھے۔
میڈیا پر تصویر کے نشر ہونے کے بعد معاملے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔ کمیٹی کو اس بات کی تفتیش کرنا تھی کہ جیلر کے کمرے میں تصاویر بنانے کی اجازت کس نے دی؟ حنیف عباسی کو ایڈمن بلاک میں جانے کی اجازت کس نے اور کیوں دی اور انہیں تصاویر بنانے کے لئے موبائل فون اور نوازشریف کی رہائی کی خوشی میں مٹھائی کس نے فراہم کی۔
ڈی آئی جی جیل فیروز شوکت اور اے آئی جی ملک صفدر نواز پر مشتمل کمیٹی نے پہلے مرحلے میں سفارش کی کہ حنیف عباسی کو دوسری جیل منتقل کیا جائے، اسی سفارش کی روشنی میں انہیں اڈیالہ سے اٹک جیل منتقل کیا گیا ہے۔