|

وقتِ اشاعت :   September 25 – 2018

کوئٹہ: بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس محمد ہاشم خان کاکڑ پرمشتمل الیکشن ٹریبونل نے صوبائی اسمبلی کے مختلف حلقوں میں مبینہ دھاندلی ودیگرسے متعلق دائر انتخابی اپیلوں کی سماعت کی گزشتہ روز صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 17سے متعلق میر عاصم کر گیلو کی جانب سے دائرانتخابی اپیل کی سماعت ہوئی جسے منظور کرتے ہوئے الیکشن ٹریبونل نے فریقین کونوٹسز جاری کرنے کے احکامات دے دئیے ۔

بعدازاں الیکشن ٹریبونل نے مذکورہ اپیل کی سماعت 2اکتوبر تک کیلئے ملتوی کردی ۔یاد رہے کہ مذکورہ حلقے سے پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر سرداریارمحمدرند کامیاب قرار پائے تھے ۔گزشتہ روز صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 9کوہلو سے متعلق سابق صوبائی وزیر داخلہ چنگیز مری کی جانب سے دائر انتخابی اپیل کی سماعت ہوئی جسے منظور کرتے ہوئے الیکشن ٹریبونل نے فریقین کو نوٹسز جاری کرنے کے احکامات صادر کئے اور سماعت کو یکم اکتوبر تک کیلئے ملتوی کردیاگیا۔

علاوہ ازیں صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 21سے متعلق پشتونخوامیپ کے عبدالقہار خان ودان کی جانب سے دائر انتخابی اپیل کی بھی سماعت ہوئی جس کے دوران درخواست گزار کے وکیل نصیب اللہ ترین ایڈووکیٹ الیکشن ٹریبونل کے روبرو پیش ہوئے سماعت کے دوران الیکشن ٹریبونل نے اپیل کو سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے فریقین کونوٹسز جاری کرنے کا حکم دیا اور سماعت 3اکتوبر تک کیلئے ملتوی کردی ۔

مذکورہ حلقے سے عوامی نیشنل پارٹی کے انجینئر زمرک خان اچکزئی کامیاب قرار پائے تھے ۔دریں اثناء صوبائی اسمبلی کی حلقہ پی بی 1سے متعلق دائر انتخابی اپیل کی سماعت ہوئی جس کے دوران درخواست گزار حسن شیرانی کے وکیل نور جان بلیدی ایڈووکیٹ ٹریبونل کے روبرو پیش ہوئے سماعت کے دوران ٹریبونل نے اپیل کو منظور کرتے ہوئے فریقین کو نوٹسز جاری کرنے کے احکامات دے دئیے ۔مذکورہ حلقے سے بلوچستان اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر سرداربابر موسیٰ خیل کامیاب قرار پائے تھے ۔

دریں اثناء صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 5سے متعلق دائر انتخابی اپیل کی بھی سماعت ہوئی جس کے دوران درخواست گزار درمحمد ناصر کی جانب سے ارباب طاہر ایڈووکیٹ الیکشن ٹریبونل کے روبرو پیش ہوئے الیکشن ٹریبونل نے اپیل کو سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے فریقین کو نوٹسز جاری کرنے کے احکامات دئیے اور سماعت 2اکتوبر تک کیلئے ملتوی کردیاگیا،مذکورہ حلقے سے بلوچستان عوامی پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی مسعود لونی کامیاب قرار پائے تھے ۔

اس کے علاوہ الیکشن ٹریبونل کے روبرو بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 11سے متعلق دائر انتخابی اپیل کی سماعت ہوئی جس کے دوران درخواست گزار میر صادق عمرانی کی جانب سے ان کے وکیل ارباب طاہر ایڈووکیٹ پیش ہوئے الیکشن ٹریبونل نے انتخابی اپیل کو سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے فریقین کو نوٹسز جاری کرنے کا حکم دیا بعدازاں اپیل کی سماعت 2اکتوبر تک کیلئے ملتوی کردیا گیا۔