|

وقتِ اشاعت :   September 27 – 2018

کوئٹہ: بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس عبداللہ بلوچ پرمشتمل الیکشن ٹریبونل نے قومی اسمبلی اورصوبائی اسمبلی کے مختلف حلقہ جات این اے 271اور حلقہ این اے 267اور صوبائی اسمبلی کے حلقے پی بی 27،پی بی 47، پی بی 37 حلقہ پی بی 18پشین اور حلقہ پی بی 12سے متعلق دائر آئینی درخواستوں کی سماعت کی ۔

گزشتہ روز حلقہ پی بی 27سے متعلق دائر انتخابی عذرداری کی سماعت کے دوران درخواست گزار ولی محمد کی جانب سے ان کے وکیل ارباب طاہر ایڈووکیٹ ٹریبونل کے روبرو پیش ہوئے جبکہ سماعت کے دوران ٹریبونل نے انتخابی اپیل پر فریقین کودوبارہ نوٹسز جاری کردئیے ہیں دریں اثناء حلقہ پی بی 27سے متعلق دائر پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماء سحر گل خلجی کی اپیل کی بھی سماعت ہوئی جس کے دوران درخواست گزار کے وکیل سید اقبال شاہ اور الیکشن کمیشن کے نمائندے الیکشن ٹریبونل میں پیش ہوئے بعدازاں مذکورہ اپیل کی سماعت 4اکتوبر تک کیلئے ملتوی کردی گئی ۔

الیکشن ٹریبونل نے حلقہ پی بی 47سے متعلق درخواست گزار جمیل دشتی کی دائر کردہ اپیل کی سماعت کی جس کے دوران ان کے وکیل نادر چھلگری ایڈووکیٹ ،ایڈووکیٹ جنرل اور الیکشن کمیشن کے نمائندے بھی سماعت کے دوران پیش ہوئے ٹریبونل نے فریقین کو دوبارہ نوٹسز جاری کرنے کے احکامات دیتے ہوئے سماعت5اکتوبر تک کیلئے ملتوی کردی ۔یاد رہے کہ حلقہ پی بی 47سے بلوچستان عوامی پارٹی کے عبدالرؤف رند رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے ۔

علاوہ ازیں الیکشن ٹریبونل کے روبرو حلقہ پی بی 37میں مبینہ دھاندلی سے متعلق دائر اپیل کی سماعت ہوئی جس کے دوران درخواست گزار میر سعید احمد کی جانب سے ان کے وکیل نصیب اللہ ترین ایڈووکیٹ پیش ہوئے جبکہ میر ضیاء لانگو کی جانب سے اپیل کی پیروی نادر چھلگری ایڈووکیٹ نے کی سماعت کے دوران ایڈووکیٹ جنرل اور الیکشن کمیشن کے نمائندے پیش ہوئے ضیاء لانگو کے وکیل کی جانب سے جواب جمع کرانے کیلئے مہلت کی استدعا منظورکرتے ہوئے عدالت نے سماعت 5اکتوبر تک کیلئے ملتوی کردی ۔

صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 18پشین سے متعلق دائر انتخابی عذرداری کی سماعت کے دوران درخواست گزار اسفندیار خان کاکڑ کی جانب سے ان کے وکیل عامر نواز رانا ایڈووکیٹ پیش ہوئے سماعت کے دوران ٹریبونل نے اپیل کو سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے فریقین کو نوٹسز جاری کردئیے اور بعد ازاں سماعت 8اکتوبر تک کیلئے ملتوی کردیا۔علاوہ ازیں جسٹس محمدہاشم خان کاکڑ پرمشتمل الیکشن ٹریبونل نے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 12سے متعلق دائر انتخابی اپیل کی سماعت کی ۔

جس کے دوران درخواست گزارغلام رسول کے وکیل عامرنواز رانا ایڈووکیٹ ٹریبونل کے روبرو پیش ہوئے ٹریبونل نے انتخابی اپیل کو سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے سماعت8اکتوبر تک کیلئے ملتوی کردی ۔بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس عبداللہ بلوچ پرمشتمل الیکشن ٹریبونل نے قومی اسمبلی کے حلقہ جات این اے 271اور حلقہ این اے 267سے متعلق دائر آئینی عذرداریوں کی سماعت کی اور کامیاب ہونے والے امیدواروں کے وکلاء کی جانب سے جواب داخل کرانے کیلئے مہلت کی استدعا منظور کرتے ہوئے اپیلوں کی سماعت5اکتوبر تک کیلئے ملتوی کردی ۔

گزشتہ روز قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 271میں مبینہ دھاندلی کے خلاف درخواست گزار جان محمد دشتی کی جانب سے دائر اپیل کی سماعت کے موقع پر درخواست گزار کے وکیل نادر چھلگری ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے سماعت کے دوران رکن قومی اسمبلی زبیدہ جلال کے وکیل کی جانب سے جواب داخل کرانے کیلئے مہلت کی استدعا کی گئی جسے منظور کرتے ہوئے ٹریبونل نے سماعت 5اکتوبر تک کیلئے ملتوی کرنے کے احکامات دے دئیے ۔

اس کے علاوہ الیکشن ٹریبونل نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 267سے متعلق دائر انتخابی عذرداری کی بھی سماعت کی جس کے دوران درخواست گزار منظور بلوچ کی جانب سے ان کے وکیل نوید قمبرانی ایڈووکیٹ جبکہ رکن قومی اسمبلی سید محمود شاہ کی جانب سے ارباب طاہر ایڈووکیٹ پیش ہوئے سماعت کے دوران کامیاب امیدوار سید محمود شاہ کے وکیل کی جانب سے جواب داخل کرانے کیلئے مہلت کی استدعا کی گئی جسے منظور کرتے ہوئے عدالت نے سماعت5اکتوبر تک کیلئے ملتوی کردی ۔