|

وقتِ اشاعت :   October 1 – 2018

حب : بلوچستان کے ساحلی اضلاع لسبیلہ اور گوادرسے نو منتخب آزاد رکن محمد اسلم بھوتانی نے کہا ہے کہ ضلع لسبیلہ اور گوادر کے فوری حل طلب بڑے بڑے اہم مسائل کو ہنگامی بنیادوں پر حل کیا جارہا ہے اور صدر مملکت عارف علوی بھی اس سلسلے میں ذاتی طور پر دلچسپی لے رہے ہیں،ا ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز حب میں قائم اپنے عوامی رابطہ دفتر میں منعقدہ کھلی کچہری کے دوران اپنے حلقہ انتخاب کے سینکڑوں افراد کے مسائل سننے اور درخواستیں وصول کرنے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں صدر پاکستان عارف علوی سے ان کی تفصیلی ملاقات ہوئی ہے اس ملاقات کے دوران انہوں نے صدر پاکستان کو بلوچستان کے ساحلی اضلاع لسبیلہ اور گوادر کے لوگوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور بڑے بڑے فوری حل طلب اہم مسائل کے حل کیلئے انہوں نے صدر پاکستان کو متوجے کیا جس پر خود صدر پاکستان جناب عارف علوی حال ہی میں صدر پاکستان عارف علوی سے ملاقات کے دوران ضلع لسبیلہ اور مکران کے ساحلی علاقوں پسنی کی جیٹی کے مسائل، گوادر کے عوام کو پینے کے پانی کی فراہمی ، لسبیلہ اور مکران کے علاقوں کو بجلی ،پانی ، تعلیم اور روزگار کی فراہمی کے مسئلوں کے حل کیلئے دلچسپی ظاہر کی ۔ اسلم بھوتانی نے کہا کہ لسبیلہ میں وندر سے اوتھل تک کے الیکٹرک کی جانب سے ہائی پاؤر ٹینشن لائن کی تاروں اور کھمبوں کی درستگی اور تبدیلی کا کام جلد شروع کردیا جائے گا ، پسنی میں ماہیگیروں کی جیٹی کو قابل استعمال بنانے کیلئے چین کی مدد سے کام شروع کیاجا رہا ہے اور لسبیلہ اور مکران کے ساحلی علاقوں کو کراچی کے فشنگ ٹرالرز اور لانچوں کے ذریعے مچھلیوں کے غیر قانونی شکار سے چھٹکارا دلایا جارہا ہے اور ضلع لسبیلہ اور ضلع گوادر کے پڑھے لکھے بیروزگار نوجوانوں کو بہت جلد سرکاری ملازمتوں میں کھپایا جائے گا۔ علاوہ ازیں اس موقع پر بلدیہ گڈانی کے چیئرمین سابق سینیٹر وڈیرہ عبدالحمید بلوچ ،یونین کونسل حبکو کے سابق چئیرمین وڈیرہ محمد انور گدور ،وڈیرہ خالق داد ڈگارزئی بلوچ، حب کی سیاسی سماجی اور قبائلی شخصیات فرید اللہ بخش دلاری ، سماجی کارکن امان اللہ لاسی ، جام غلام قادر اسپتال حب کے میڈیکل سپریٹینڈنٹ ڈاکٹر غلام عباس لاسی ، علی محمد سیاپاد ، کونسلر علی محمد آسکانی ، میر محمد رفیق مگسی ، بلدیہ گڈانی کے وائس چئیرمین غلام قادر سیاپاد، میر محمد انور مگسی ، گڈانی کے سماجی کارکن واجہ گوہر خان بلوچ ، میر محمد امین مگسی ،ٹھیکیدار رئیس فقیر محمد مری ، کونسلر وڈیرہ اقبا ل گدور ، میر احمد خان مگسی ،میر گلاب مگسی اور بڑ ی تعداد میں لسبیلہ اور گوادرکی سیاسی سماجی اور قبائلی شخصیات موجود تھیں ۔