|

وقتِ اشاعت :   October 1 – 2018

تربت: سابق وزیراعلیٰ بلوچستان اور نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کارکنوں پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ نہ منظم اور فعال تنظیم کے بغیر قومی چیلنجز کا مقابلہ ممکن ہے اور نہ ہی شعبدہ بازیوں کے سہارے قومی مفادات کی نگہبانی کی جاسکتی ہے،نیشنل پارٹی قومی تعمیر اور ترقی کا ایک واضح وژن اور پروگرام رکھتی ہے، جب جب ہمارے عوام نے ہماری جماعت پر اعتماد کرتے ہوئے ہمیں اپنے مینڈیٹ سے نوازا ہے تو قومی تعمیر و ترقی کا ایجنڈا ہی ہمارا مطمع نظر رہا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز تربت کے مضافاتی علاقہ بہمن میں منعقدہ نیشنل پارٹی یونین کونسل گوکدان کے سینئر کارکنان کے تنظیمی اجلاس سے بطور مہمان خاص خطاب کرتے ہوئے کیا، اجلاس کی صدارت نیشنل پارٹی کیچ کے صدر محمد جان دشتی نے کی جبکہ پارٹی کے مرکزی رہنماء واجہ ابوالحسن اور حاجی فدا حسین دشتی بطور اعزازی مہمان خاص اجلاس میں شریک تھے، اجلاس میں نظامت کے فرائض ضلعی جنرل سیکریٹری چیئرمین حلیم بلوچ نیسرانجام دیئے، سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کل نیشنل پارٹی حکومت میں شراکت دار تھی تو چٹان کی طرح ایستادہ ہوکر قومی مفادات کی نگہبانی کرتی رہی، بلوچ ساحل اور تشخص کے تحفظ کی خاطر گوادر میں ساڑھے تین لاکھ ایکڑ زمین طاقتور مافیا کے ہاتھ سے چھین کر حقیقی مقامی حقداروں کو ان کا حق دے کر باقی ماندہ اراضی حکومت بلوچستان کی تحویل میں دئیے تاکہ مستقبل میں قومی و اجتماعی مقاصد کے لیے بروئے کار لائے جاسکیں، تربت میں پانچ ہزار ایکڑ زمین مستقبل ایجوکیشنل سٹی کے لیے مختص کئے تاکہ آنے والے کل میں یہاں پر فنی و پیشہ وارانہ تعلیمی اداروں کے قیام و تعمیر کے لیے اراضی دستیاب ہوسکے مگر آج نہ صرف تربت میں ایجوکیشنل سٹی کے لیے مختص کئے گئے پانچ ہزار ایکڑ اراضی پر انکروچمنٹ اور بندربانٹ کا عمل شروع ہوچکا ہے بلکہ گوادر کو بلوچستان سے نکال کر وفاق کے زیر انتظام لانے کی سازشوں کا آغاز ہو چکا ہے اور دوسری طرف غیر ملکی مہاجرین کو ملکی شہریت دینے کے اعلانات بھی ہورہے ہیں جو بلوچ قومی شناخت پر حملے کے مترادف عمل ہے کہ نیشنل پارٹی کسی صورت اس کی اجازت کسی کو بھی نہیں دے سکتی، انہوں نے کہا کہ منظم اور فعال سیاسی ادارے کی طاقت کی بنیاد پر ان پرُ خطر چیلنجز کا مردانہ وار مقابلہ ممکن ہے لہٰذا کارکنان بنیادی یونٹ کی سطح پر جماعت کو ازسرنو منظم کرنے کے لیے محنت کریں، اجلاس سے واجہ ابوالحسن، حاجی فدا حسین دشتی اور علاقائی کارکنان نے بھی خطاب کیا جبکہ ضلعی نائب صدر مشکور انور بھی اجلاس میں موجود تھے۔