کوئٹہ: بلوچستان ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس امان اللہ خان یاسین زئی کو گورنر بلوچستان مقرر کردیا گیا۔
وزیراعظم ہاؤس کے ترجمان نے ان کی تقرری کی تصدیق کردی ہے۔ترجمان کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے وزیر اعظم عمران خان کی ایڈوائس پر امان اللہ خان کو گورنر بلوچستان نامزد کردیا ہے۔وزیر اعظم نے ہم خیال سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے مشاورت کے بعد جسٹس (ر) امان اللہ یاسین زئی کے نام کی منظور ی دی۔کابینہ ڈویژن کی جانب سے اس سلسلے میں باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
محمد خان اچکزئی نے نئی حکومت کے قیام کے بعد پانچ ستمبر کو گورنر بلوچستان کے عہدے سے استعفے دے دیا تھا جس کے بعد سے یہ عہدہ خالی ہے اور اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالقدوس بزنجو قائمقام گورنر کی حیثیت سے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔
کاکڑ قبیلے کی یاسین زئی شاخ سے تعلق رکھنے والے امان اللہ یاسین زئی کا تعلق کوئٹہ کے علاقے ہنہ سے ہے ۔وہ 2005 سے 2009 تک بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹس رہ چکے ہیں جبکہ صوبے کے قائم مقام گورنر کے فرائض بھی انجام دے چکے ہیں۔امان اللہ یاسین زئی وہ 7 اگست 1954 کو پیدا ہوئے۔
انہوں نے انٹر، بی اے اور ایم اے کی تعلیم ایف سی کالج لاہور سے حاصل کی۔1981 میں انہوں نے قانون کی پریکٹس کا آغاز کیا اور 27 جنوری 1997 کو بلوچستان ہائیکورٹ میں بطور جج تعینات ہوئے۔ 14 ستمبر 2005 کو چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ بنے اور 5 اگست 2009 تک بطور چیف جسٹس ذمہ داریاں انجام دیں۔
امان اللہ یاسین زئی سابق صدر جنرل(ر) پرویز مشرف کے دور میں 3نومبر2007ء کو ملک میں لگائی جانے والی ایمرجنسی میں پی سی او کے جج کے طور پر حلف اٹھانے والوں میں شامل تھے۔
2009ء میں سپریم کورٹ کی جانب سے پی سی او کے تحت حلف اٹھانے والے ججوں کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس بھیجنے کے فیصلے کے بعد قانونی کارروائی سے بچنے کیلئے امان اللہ یاسین زئی نے بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔واضح رہے کہ اس سے قبل ڈاکٹرامیر محمد خان جوگیزئی کو گورنر بلوچستان بنانے کا فیصلہ ہوا تھا تاہم ان پر قومی احتساب بیوروکی انکوائری سامنے آنے کے بعد پی ٹی آئی نے ان کی نامزدگی کی تردید کردی تھی۔
بلوچستان ہائیکورٹ کے سابق چیف جسٹس امان اللہ یاسین زئی گورنر بلوچستان مقرر
![]()
وقتِ اشاعت : October 3 – 2018