|

وقتِ اشاعت :   October 4 – 2018

کراچی: پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا کہ ایک کروڑنوکریاں دینے کا دعویٰ کرنے والے پہلے سستی تعلیم تودیں۔

پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے پشاوریونیورسٹی میں فیسوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کرنے والے طلبہ پرتشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ پرتشدد نے سفاک تبدیلی کا پردہ چاک کردیا ہے، مستقبل کے معماروں پرتشدد افسوسناک ہے جب کہ ایک کروڑنوکریاں دینے کا دعویٰ کرنے والے پہلے سستی تعلیم تودیں۔

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی طلبہ پر تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پرامن احتجاج طلبہ کا جمہوری حق ہے، حکمران ہوش کے ناخن لیں اورناکامیوں کا بدلہ طلبہ سے نہ لیں، گرفتار طلبہ کو فوری رہا کیا جائے اور فیس کم کی جائے، زخمی طلبہ کو بہترعلاج معالجے کی سہولت دیتے ہوئے طلبہ پروحشیانہ تشدد کرنے اور کرانے والوں کو سخت سزا دی جائے۔

دوسری جانب  صوبائی حکومت کے ترجمان شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ طلبہ کا احتجاج ہاسٹلوں سے غیرمتعلقہ افراد کو نکالنے کا ردعمل ہے، طلبہ کے مسائل پرمذاکرات کیلئے تیار ہیں لیکن غیرمتعلقہ افراد کے ساتھ نہیں۔

واضح رہے کہ پشاورمیں یونیورسٹی طلبا کے فیسوں میں اضافے کے خلاف احتجاج پرپولیس نے لاٹھی چارج کرتے ہوئے متعدد طلبہ کو حراست میں لے لیا تھا۔