کوئٹہ: جسٹس ریٹائرڈ امان اللہ خان یاسین زئی نے بلوچستان کے 24ویں گورنر کی حیثیت سے حلف اٹھالیا۔ حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس کوئٹہ میں منعقد ہوئی جس میں چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ جسٹس طاہرہ صفدر نے امان اللہ یاسین زئی سے حلف لیا۔ گورنر امان اللہ یاسین زئی نے فرائض کی خلوص دل سے انجام دہی اور ملک سے وفاداری کا حلف اْٹھایا۔بعد ازاں انہوں نے حلف نامے پر دستخط بھی کئے۔اس موقع پر اسٹیج پر وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان بھی موجود تھے۔ تقریب میں اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالقدوس بزنجو،صوبائی وزراء ، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، بلوچستان ہائی کورٹ کے جج صاحبان، آئی جی پولیس، سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں،قبائلی عمائدین، سینئر وکلاء ،مختلف یونیورسٹیز کے وائس چانسلرزاوراعلیٰ سرکاری افسران نے بھی شرکت کی۔ حلف اٹھانے کے بعد وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان، چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ جسٹس طاہرہ صفدر اور تقریب کے دیگر شرکاء نے فرداً فرداً امان اللہ یاسین زئی کو گورنر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔حلف برداری کی تقریب میں اپوزیشن جماعت جمعیت علماء اسلام اور پشتونخوامیپ کے ارکان صوبائی اسمبلی بھی شریک ہوئے تاہم بلوچستان نیشنل پارٹی کا کوئی رہنماء تقریب میں نظر نہیں آیا۔ بلوچستان ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس جسٹس ( ریٹائرڈ) امان اللہ خان یاسین زئی کو7اگست1954 کو کوئٹہ میں پیدا ہوئے۔انہوں نے 1974 میں فورمین کرسچین کالج لاہور سے گریجویشن کیا اور اسی کالج سے 1977 میں ایم اے انگلش جبکہ 1980میں پنجاب یونیورسٹی لاہور سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی۔انہوں نے جنوری 1981 بطور وکیل قانون کی پریکٹس شروع کی 1983 میں ایڈوکیٹ ہائی کورٹ اور 1994 میں ایڈوکیٹ سپریم کورٹ آف پاکستان رہے۔1997 میں انہیں ہائی کورٹ آف بلوچستان کا جج مقرر کیاگیا اس کے علاوہ انہوں نے بحیثیت جج بنکنگ کورٹ اپریل 2000تا2008 کے علاوہ چیئرمین لوکل کونسل الیکشن اتھارٹی 2000تا2008 اوربحیثیت کمپنی جج اور اسی عرصے کے دوران بطور چیئرمین بلوچستان سروس ٹریبونل فرائض سرانجام دیئے۔ جسٹس ریٹائرڈ امان اللہ خان ستمبر2005ء میں چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ کے عہدے پر فائز ہوئے۔امان اللہ یاسین زئی اس وقت کے صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی جانب سے 3 نومبر 2007ء کوایمرجنسی نافذ کئے جانے کے بعد پی سی او کے تحت حلف اٹھایا اور پھر جب عدلیہ بحالی تحریک کامیاب ہوئی تو سپریم کورٹ کی جانب سے پی سی او کے تحت حلف اٹھانے والے ججز کیخلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنسز دائر کرنے کا حکم سامنے آیا۔ سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی سے بچنے کیلئے امان اللہ یاسین زئی نے چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ کے عہدے سے استعفیٰ دیدیا۔ جس کے بعدوہ سپریم کورٹ کے وکیل کی حیثیت سے کام کرتے رہے۔انہوں نے 6جنوری 2008 تا27 فروری2008 (عام انتخابات 2008 )کے دوران بحیثیت قائمقام گورنر بلوچستان بھی فرائض سرانجام دیئے۔
امان اللہ یاسین زئی نے گورنر بلوچستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا
![]()
وقتِ اشاعت : October 5 – 2018