راولپنڈی: کسٹم عدالت نے کرنسی اسمگلنگ کیس میں ماڈل ایان علی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
راولپنڈی کی کسٹم عدالت کے جج ارشد بھٹہ نے ماڈل ایان علی کے خلاف کرنسی اسمگلنگ کیس کی سماعت کی، تاہم ہر بار کی طرح ماڈل ایان علی آج بھی عدالت میں پیش نہ ہوئیں۔
دوران سماعت کسٹم پراسیکیوٹر امین فیروز نے عدالت سے درخواست کی کہ ملزمہ ڈیڑھ سال سے غیر حاضر ہے اور 50 سماعتوں پر بھی پیش نہیں ہوئی۔
عدالت نے ملزمہ کے وکیل کی مقدمہ کی سماعت ملتوی کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ایان علی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے۔ کسٹم عدالت نے حکم دیا کہ ملزمہ ایان علی کو گرفتار کرکے 22 اکتوبر کو پیش کیا جائے۔
واضح رہے کہ ماڈل ایان علی کو 14 مارچ 2015 کو اسلام آباد سے دبئی جاتے ہوئے بینظیر بھٹو ایئرپورٹ پر کرنسی اسمگل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا اور اس کے پاس سے 6 لاکھ امریکی ڈالر برآمد ہوئے تھے۔