کوئٹہ: بلوچستان پیس فورم کے چیئرمین نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی نے کہا ہے کہ معاشرے میں اجتماعی قومی تبدیلی کیلئے پڑھے لکھے طبقہ کو آگے آنا چائیے ،ناخواندہ حکمرانوں پرانحصار کرنے کی بجائے کتابوں سے اپنا رشتہ جوڑ کر بحیثیت قوم ہم ملک کو درپیش بحرانوں ، پریشانیوں اورخانہ جنگی سے نکال پائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز گورنمنٹ ہائی اسکول کلی شیخان کے دورے کے موقع پر طلباء سے خطا ب کرتے ہوئے کیا نوابزادہ لشکری رئیسانی اور نوابزادہ میر اسماعیل رئیسانی نے اسکو ل کی لائبریری کیلئے 300 کتابیں اسکول کے پرنسپل عبدالمنان اور اسکول انتظامیہ کے حوالے کیں،نوابزادہ لشکری ئیسانی کا مزید کہنا تھاکہ بحیثیت قوم ہماری خواہش ہے کہ بلوچستان کے بچے صاف ستھرے ماحول میں زندگی بسر کرسکیں ہمارے گلی محلے کھیل کے میدان صاف ہوں دنیا میں ہمارے تعلیمی ادارے کیمبرج اور آکسفورڈ کی طرز پر جانے جا ئیں اس خواہش کی تکمیل کیلئے اسکول ،کالج ،یونیورسٹی میں زیر تعلیم طلباء وطالبات کو اپنی سماجی ذمہ داریوں کاادراک کرتے ہوئے ریٹنگ کی دوڑ میں شامل کمرشل چینلز کی پیروی کرنے کے بجائے کتابوں سے اپنا رشتہ جوڑ کر ملک اور قوم کی عزت، معاشی و سیاسی استحکام کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا ۔ان کاکہنا تھاکہ امریکہ میں 70 برس قبل الیکڑانک میڈیا کا رواج بنا وہاں کیبل اور ڈش متعارف ہوئے لیکن وہاں کے لوگوں نے کتابوں سے اپنا رشتہ جوڑے رکھا ۔ دنیا کے سب سے چھوٹے رقبہ پر مشتمل ہالینڈ کے لوگوں نے اپنی محنت اور لگن سے زمینداری ، صنعت اور تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں بڑے بڑے ممالک کو پیچھے چھوڑ دیا ہے ۔ نوابزادہ لشکری رئیسانی کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان پیس فورم دنیا کے دیگر ممالک سے کتابیں مانگ کرجمع کررہی ہے جس کا مقصد بلوچستان میں ایک ترقی یافتہ باوقار سماج تشکیل دینا ہے ۔ ان کا کہنا تھاکہ طلباء وطالبات کو چائیے کہ وہ اپنے معاملات میں تبدیلی لاتے ہوئے ہر روز نئی چیزیں پڑھ کر اپنے معاشرے پر رائج کرنے کی کوشش کریں ۔ تعلیمی اداروں میں ٹوٹے ڈیسک ،چٹائیاں، بوسیدہ ٹاٹ کی موجودگی اور ملٹی میڈیا، کمپیوٹر لیب نہ ہونے کوطلباء وطالبات نے چیلنچ سمجھ اسکے بغیر بھی خوب محنت کرنی ہے اور اپنی آئندہ نسلوں کی ترقی و خوشحالی کی روشن نوید لیکر طلوع ہونا ہے ۔ نوابزادہ لشکری رئیسانی کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان میں تعلیم کے فروغ کیلئے میرے لیے مانگنا باعث افتخار ہے حکومت اور نجی شعبوں سے کوئٹہ سمیت بلوچستان کے پسماندہ علاقوں میں تعلیمی ادروں میں سہولیات کی فراہمی سے متعلق بات کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ طلباء وطالبات تعلیم حاصل کرنے کے مواقعوں سے استفادہ حاصل کریں مجھے یقین ہے کہ آئندہ ترقی یافتہ ممالک کی قیادت آپ میں سے کوئی کررہا ہوگا ۔ قبل ازیں نوابزادہ لشکری رئیسانی اور نوابزادہ میر اسماعیل خان رئیسانی کا اسکول پہنچنے پر طلباء نے بھر پور استقبال کرتے ہوئے ان پر گل پاشی کی نوابزادہ لشکری رئیسانی نے اسکول کے کلاس رومز سمیت دیگر شعبوں کا معائنہ کیا اور وہاں زیر تعلیم طلباء وطالبات سے سوالات بھی کئے ۔ اور درست جوابات دینے والوں کی حوصلہ افزائی کی ۔
معاشر ے میں تبدیلی کیلئے پڑھے لکھے افراد کو آگے آنا ہو گا،لشکری رئیسانی
وقتِ اشاعت : October 11 – 2018