|

وقتِ اشاعت :   October 11 – 2018

کوئٹہ: سردیوں کے آتے ہی کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں گیس پریشر میں کمی آنا شروع ہو گئی جس کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے شہر میں گیس کی طلب زیادہ جبکہ رسد کم ہونے کی وجہ سے گیس شہر بھر میں فراہم نہیں کی جا رہی تفصیلات کے مطابق کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں سریاب روڈ برما ہوٹل عارف گلی فقیر محمد روڈ سرکی روڈ میکانگی روڈ کاسی روڈ سمیت دیگر علاقوں میں گیس پریشر کی کمی اور بعض علاقوں میں گیس لوڈشیڈنگ کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے گزشتہ چند روز قبل اراکین صوبائی اسمبلی نے بھی ریجنل گیس آفس کا دورہ کیاجہاں گیس کی کمی کے بارے میں بھی بات چیت کی گئی جہاں گیس کی فراہمی کیلئے ہر ممکن کوشش کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی لیکن سردیوں کے آتے ہی کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں گیس پریشر کی کمی اور بعض علاقوں میں مکینوں کو گیس لوڈشیڈنگ کا بھی سامنا ہے جو عوامی مسائل کے حل کیلئے آواز بلند کرنیوالوں کیلئے لمحہ فکریہ سے کم نہیں شہریوں نے بتایا کہ بچے صبح ناشتہ کئے بغیر اسکول اور بڑے دفاتر چلے جاتے ہیں اور دوپہر میں بھی گیس نہ ہونے کی وجہ سے کھانا نہیں مل پاتا عوامی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ گیس پریشر کو بحال کر کے شہریوں کو سہولیات فراہم کی جائے