|

وقتِ اشاعت :   October 14 – 2018

کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی کے دو حلقوں پی بی 35 مستونگ اور پی بی 40 خضدار پر ضمنی انتخاب آج ہوگا۔ الیکشن کمیشن نے انتخاب کیلئے تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ 

بیلٹ پیپرز کی ترسیل اور عملے کی تعیناتی کا عمل مکمل کرلیا گیا۔ سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ مستونگ کی نشست پر سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب محمد اسلم رئیسانی ، بلوچستان عوامی پارٹی کے سردار نور احمد بنگلزئی اور نیشنل پارٹی کے سردار کمال بنگلزئی کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے ۔ جبکہ خضدار کی نشست پر بی این پی کے اکبر مینگل اور آزاد امیر شفیق الرحمان مینگل سمیت دیگر امیدواروں میں مقابلہ ہوگا۔ 

تفصیلات کے مطابق بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی پینتیس مستونگ اور پی بی چالیس خضدار پر کل ضمنی انتخاب ہوگا۔پی بی 35ستونگ کی نشست تیرہ جولائی کو خودکش بم دھماکے میں امیدوار سراج رئیسانی کی شہادت کے باعث ملتوی کردیئے گئے تھے۔ جبکہ پی پی بی 40 خضدار تین بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل کے مستعفی ہونے کے باعث خالی ہوئی تھی۔ انہوں نے قومی اسمبلی کی نشست برقرار رکھی۔

الیکشن کمشنر بلوچستان نیاز احمد بلوچ کے مطابق دونوں حلقوں کے تمام پولنگ اسٹیشنز تک بیلٹ پیپرز اور دیگر ضروری سامان کی ترسیل کا کام مکمل کرلیا گیا ہے۔ پولنگ اسٹیشنز پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ تمام حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔ پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر فوج، ایف سی، پولیس اور ایف سی کے جوان تعینات ہوں گے۔ 

پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام پانچ بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گا۔ حلقہ پی بی 35 میں کل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ7ہزار188ہے جن میں مرد ووٹرز کی تعداد 62403 اور خواتین ووٹرز 44785 ہیں۔ان کیلئے مجموعی طور پر 105 پولنگ اسٹیشنز قائم گئے ہیں ہیں جن میں سے 41 انتہائی حساس اور62 حساس قرار دیا گیا ہے۔ 

105 میں سے28پولنگ اسٹیشنز مردوں، 26 خواتین کیلئے مخصوص ہوں گے اور 51 مشترکہ پولنگ اسٹیشنز قرار دیئے گئے ہیں۔ پی بی 35 میں 304 پولنگ بوتھ ہیں جن میں سے 179 مرد اور 125 حواتین پولنگ بوتھ ہیں۔

صوبائی الیکشن کمشنر کے مطابق پی بی 40 خضدار کے تمام کے تمام93 پولنگ کوانتہائی حساس قرار دیا گیا ہے ۔ان میں سے 3 مرد، دو خواتین ، 88 مشترکہ اور 4 امپروائزڈ پولنگ اسٹیشنز قرار دیئے گئے ہیں۔

پی بی 40 میں کل 271 پولنگ بوتھ ہیں جن میں سے 146 مرد اور 125 خواتین پولنگ بوتھ ہیں ۔صوبائی الیکشن کمشنر کے مطابق مطابق پی بی 35 مستونگ کی نشست پر کل 28 امیدواروں جبکہ پی بی 40 خضدار پر 8 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ 

مقامی صحافیوں اور تجزیہ نگاروں کے مطابق مستونگ کی نشست پر اصل مقابلہ آزاد امیدوار سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب محمد اسلم رئیسانی اور بلوچستان عوامی پارٹی کے سردار نور احمد بنگلزئی کے درمیان ہوگا۔ 

نیشنل پارٹی کے سردار کمال بنگلزئی ، متحدہ مجلس عمل کے رئیس غلام حیدر اور تحریک انصاف کے فیصل دہوار بھی مضبوط امیدواروں میں شامل ہیں۔ نوابزادہ میر سراج رئیسانی کے صاحبزادے نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے بلوچستان عوامی پارٹی کے نامزد امیدوار سردار نوراحمد بنگلزئی کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ بی این پی نواب اسلم رئیسانی کی حمایت کررہی ہے۔

اسی طرح پی بی 40 خضدار کی نشست پر بلوچستان نیشنل پارٹی کے محمد اکبر مینگل اورآزاد امیدوار میر شفیق الرحمان مینگل کے درمیان مقابلہ ہوگا۔بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے حمید الرحمان اور پیپلز پارٹی کے قدیر احمد بھی امیدواروں میں شامل ہیں۔ جمعیت علماء اسلام نے بلوچستان نیشنل پارٹی کے امیدوار اکبر مینگل کی ہے۔