خضدار: جمعیت علما ئے اسلام کے قائد مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ جھالاوان و سراوان کی سرزمین تاریخی علاقے سمجھے جاتے ہیں یہاں کے لوگ ہمیشہ قبائلی اور اسلامی اقدارکے مرکز اور محافظ رہے ہیں ۔
یہاں نہ صرف بڑے قبائلی زعماء اور سیاستدان پیدا ہوئے بلکہ اس سرزمین پرخدا ترس بزرگانِ دین اورعلمائے کرام نے بھی جنم لیا اور دین کی خدمت کی ، جمعیت علمائے اسلام ایک سیاسی قوت ہے، اس جماعت میں قبائلی عمائدین کی شمولیت باعث فخر ہے ۔
سردار علی محمد قلندرانی کی شمولیت سے پارٹی جھالاوان میں مذید مضبوط ہوگی ۔ہم تمام قبائلی عمائدین کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ جمعیت علمائے اسلام میں شمولیت اختیار کریں اور اس پلیٹ فارم سے اپنا سیاسی جدوجہد جاری رکھیں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت علمائے اسلام میں شمولیت اختیار کرنے والے قبائلی رہنماء و چیف آف قلندرانی سردار علی محمد قلندرانی سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی اس موقع پر،ایم این اے مولانا سید محمود شاہ ، چیئرمین میونسپل کمیٹی قلات مولانا سید فضل الرحمن شاہ ، سن رائز اسکول وکالج خضدارکے ڈائریکٹر انجینئرطارق کھیازئی و دیگر موجود تھے ۔
مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ یہ خطہ ہمیشہ اسلام کا گہوارہ رہا ہے، یہاں فیصلے بھی شریعت کے مطابق ہوتے رہے ہیں ، دیوانی قلات اس کا عملی مظہر ہیں ، یہاں کے قبائل کا رہن سہن ، و طے شدہ معاملات سب اسلامی ہوتے ہیں ، جو کہ ان کی خوبصورت طریقہ کار کو عیاں کرتا ہے ، جمعیت علمائے اسلام نے ہمیشہ ان قبائل کااحترام کیا ہے اور ہر معاملے میں ان کو ساتھ لیکر چلنے کو اہمیت دی ہے ۔
قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ قبائلی سربراہان کا جمعیت علمائے اسلام میں شمولیت ہمارے لئے باعث فخر ہے ، چیف آف قلندرانی سردار علی محمد قلندرانی کو ہم جمعیت علمائے اسلام میں شمولیت پر خوش آمدید کہتے ہیں۔
ان کی جمعیت علمائے اسلا میں شمولیت سے جھالاوان سمیت پورے بلوچستان میں جے یوآئی کے ساتھیوں کو ایک اچھا رفیق ، ہمسفر اور بازو مل گیا ہے ،وہ اپنے سیاسی جدوجہد جے یوآئی کے پلیٹ فارم پر بہتر انداز میں نبہانے میں کردار ادا کریں گے ۔
بلوچستان کے قبائلی عمائد ین جمعیت میں شامل ہو کر اسلامی نظام کیلئے جدوجہد کریں ، مولانا فضل الرحمن
وقتِ اشاعت : October 21 – 2018