|

وقتِ اشاعت :   October 21 – 2018

لندن: بین الاقوامی کرکٹ میں میچ فکسنگ کے مکروہ دھندے کا ایک اور اسکینڈل منظر عام پر آگیا جس سے دنیائے کرکٹ میں بھونچال آگیا ہے، فکسنگ میں پاکستان، بھارت، انگلینڈ، آسٹریلیا اور ساؤتھ افریقا کی ٹیمیں ملوث ہیں۔

انٹرنیشنل کرکٹ میں کالے دھندے کو بے نقاب کرنے والے الجزیرہ ٹی وی نے فکسنگ سے متعلق نئے انکشافات کیے ہیں۔ الجزیرہ کی تحقیقات میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ 2011ء سے 2012ء کے درمیان  کھیلے گئے 15 عالمی میچز میں فکسنگ کے 2 درجن واقعات رونما ہوئے۔

اسپاٹ فکسنگ کے حوالے سے عرب میڈیا نے ایک دستاویزی فلم جاری کی ہے، وڈیو اور تصاویر میں پاکستانی کرکٹر عمر اکمل، بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی، روہت شرما، بالاجی، سریش رائنا اور آسٹریلوی کرکٹر اینڈی بکل بھی ایک بھارتی بکی و میچ فکسر انیل منور کے ساتھ نظر آرہے ہیں۔

الجزیرہ کے مطابق جو میچ فکس کیے گئے ہیں ان میں 6 ٹیسٹ، 6 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز شامل ہیں۔ 2012ء میں پاکستان بمقابلہ انگلینڈ ٹیسٹ سیریز میں اسپاٹ فکسنگ کی گئی اور فکسنگ میں بھارتی فکسر انیل منور ملوث ہے۔

فکسنگ کے شکار ہونے والے میچز میں انگلینڈ اور بھارت کے درمیان لارڈز میں کھیلے گئے میچز، ساؤتھ افریقا اور آسٹریلیا کے درمیان کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے میچز سمیت انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان یو اے ای میں کھیلے گئے متعدد میچز شامل ہیں۔ مجموعی طور پر 15 انٹرنیشنل میچز میں مختلف نوعیت کی 26 فکسنگ ہوئیں۔