کوئٹہ: وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ پہاڑوں پر جانے والے لوگ قومی دھارے میں شامل ہوجائیں ہم ہر پاکستانی کو بلا تفریق گلے سے لگانے کیلئے تیار ہیں۔
آئی جی ایف سی کے قافلے پر حملہ قابل مذمت ہے حملے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔ ایک ہفتہ کے دوران 45 ہزار کے قریب زائرین مقامات مقدسہ کی زیارت کیلئے پاکستان سے ایران اور عراق گئے جن کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کی گئیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تفتان کے دورے کے بعد کوئٹہ پہنچنے پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پروزیراعظم کے خصوصی معاون اورسیز پاکستان زلفی بخاری ،پاکستان تحریک انصاف کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر و صوبائی وزیر صحت میرنصیب اللہ خان مری ،کلکٹر کسٹم اشرف علی ،سیکرٹری داخلہ غلام حیدرشیکوہ بھی موجود تھے۔
وفاقی وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان دشمن عناصر کے دن گنے جاچکے ہیں پاک فوج، ایف سی ، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں کی ملک کے دفاع کیلئے قربانیاں لازوال ہیں دیر پا امن کیلئے ہر ممکن وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج ،فرنٹیر کور ،پولیس ،لیویز سمیت ہرمکتبہ فکرسے تعلق رکھنے والے لوگوں نے قربانیاں دی ہیں جس کے باعث آج امن بحال ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام مذاہب، مسالک ،مساجد ،مدارس ،چرچ ،گوردوارا ،امام بارگاہیں ہماری ہیں اور پاکستان میں بسنے والے ایک پلیٹ فارم پر متحد ہیں ملک و قوم کے استحکام اور امن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔
نئے پاکستان میں چھوٹے صوبوں اور قومیتوں کے ساتھ وفاقی حکومت کھڑی ہے تاکہ اقوام عالم ہمیں عزت دے ہم ملک و قوم کے مفاد پر کوئی سودے بازی نہیں کریں گے۔ شہریار آفریدی نے کہا کہ پہاڑوں پر جانے والے لوگ قومی دھارے میں شامل ہوجائیں ہم ہر پاکستانی کو بلا تفریق گلے لگانے کیلئے تیار ہیں۔
انہوں نے آئی جی ایف سی ساوتھ کے قافلے پر حملے کی مذمت اور سیکورٹی اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک دشمن عناصر پر واضح کردینا چاہتے ہیں کہ بزدلانہ کارروائیوں کے ذریعے ہمارے حوصلے اور عزم کو کمزور نہیں کیا جاسکتا امن و امان کے قیام کیلئے اپنی جانوں کی قربانیاں دینے والے ہمارے قومی ہیرو ہیں جن کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ تفتان بارڈر پر مذہبی مقامات کی زیارت کیلئے جانے والے زائرین کو بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے وفاقی، صوبائی حکومتیں ، کسٹم ، امیگریشن،ایف آئی اے سمیت دیگر ادارے تمام دستیاب وسائل بروئے کارلارہے ہیں ۔گزشتہ ایک ہفتہ کے دورا ن 45ہزار کے قریب زائرین مقامات مقدسہ کی زیارت کیلئے پاکستان سے گئے ہیں جن کو ہرممکن سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس سے قبل مناسب انتظامات اور ٹیم ورک نہ ہونے کی وجہ سے زائرین کو مشکلات کا سامنا کرناپڑتا تھا۔ ہم پاک فوج ، صوبائی حکومت اور تمام ادروں کے مشکور ہیں۔ ایرانی حکومت اور پاکستان میں متعین ایرانی سفیر کے بھی شکر گزار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام پاکستانیوں کو مذہب ، نسل اور سوچ کی تفریق کے بغیر ان کو عزت دینا ریاست کی ذمہ داری ہے ۔حکومت ہر جگہ ان کو سہولیات دینے کی کوشش کررہی ہے ۔اس موقع پر اوورسیز پاکستانیز کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے کہا کہ ایران اور عراق مقامات مقدسہ کی زیارت کیلئے جانے والے زائرین کو بہترین سہولتیں فراہم کی گئیں یقین ہے کہ آئندہ سال مزید زائرین پاکستان سے جائیں گے اورپاک ایران سرحد پر تفتان بڑا بزنس حب بن جائے گا۔
صوبائی حکومت اور وزرا نے زائرین کیلئے جو اقدامات اٹھائے وہ قابل تحسین ہیں کیونکہ وزیراعظم پاکستان کے وژن کے مطابق ریاست اپنے لوگوں کو بہتر سہولیات فراہم کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آل محمدکی بات کرنے والی اس ریاست میں ہرمذہب سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی کیلئے مکمل آزادی حاصل ہے۔اس سے قبل وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ شہر یا رآفریدی نے پاک ایران سر حدی شہر تفتان کا مختصر دورہ کیا ۔
ان کے ہمراہ وفاقی وزیر برائے اورسیز پاکستانی زلفی بخاری ،صوبائی وزیر صحت نصیب اللہ مری،ڈائریکٹر ایف آئی اے بلوچستان الطاف حسین ،سیکرٹری داخلہ بلوچستان حیدر علی شکوہ ،کلکٹر کسٹم بلوچستان اشرف علی تھے جبکہ تفتان میں ان کا استقبال کمشنر رخشاں ڈویژن نصیراحمدناصر، ڈپٹی کمشنر چاغی قسیم خان کاکڑ کمانڈنٹ تفتان رائفلز عمر ستار،اسسٹنٹ کمشنر تفتان حبیب ناصر لیفٹیننٹ کرنل تفتان 109 ونگ وقار احمد ،اسسٹنٹ کلکٹر کسٹم اکمل درانی اور نائب رسالدار نبی بجش حسنی نے تفتان پہنچنے پر ان کا استقبال کیا ۔
وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی اور ان کے وفد نے تفتان پاکستان ہاؤس اور ایف آئی اے کسٹم ہاوس کا تفصیلی دورہ کیاشہر یار آفریدی کی آمد پر تفتان میں سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے تھے ۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ سیکورٹی کے معاملات پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ہمیں عوام کی تکلیف کا احساس ہیں لیکن جہاں پر اجتماعی مسائل ہیں ان پر عوام سے تعاون کی اپیل کرتے ہیں کہ وہ سیکورٹی فورسز کے ساتھ تعاون کریں تاکہ کوئی ناخوشگوار واقع رونما نہ ہوسکے زائرین بھی ہمارے ملک کے شہری ہیں ۔
ان کی حفاظت کرنا ہماری فرائض میں شامل ہے آخر میں انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر تفتان کا زائرین کوبروقت سیکورٹی دینے زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو ایسے جانباز آفیسران کی ضرورت ہیں جوکہ عوامی خدمت کا جذبہ رکھتے ہیں اور میں وفاقی حکومت اور صوبائی حکومت سے تاکید کرتا ہوں کہ ایسے افسران کی حوصلہ افزائی کی خاطر ان کو تعارفی اسناد دیں۔
پہاڑوں پر جانیوالے قومی دھارے میں شامل ہوں ہر پاکستانی کو گلے لگانے کو تیار ہیں، شہریار آفریدی
![]()
وقتِ اشاعت : October 26 – 2018