کوئٹہ: گوادر میں نامعلوم دہشتگردوں کی فائرنگ سے پانچ مزدور جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے۔ جاں بحق مزدوروں کا تعلق کراچی، سکھر اور خضدار سے بتایا جاتا ہے۔
لیویز کے مطابق فائرنگ کا واقعہ بدھ کو گوادر سے تقریباً ساٹھ کلومیٹر دور پشکان اور گنز کے درمیانی علاقے پسو میں پیش آیا جہاں نجی ہاؤسنگ اسکیم میں تعمیراتی کام کرنیوالے مزدوروں کو نشانہ بنایا گیا۔نامعلوم دہشتگردوں نے کلاشنکوف اور دیگر چھوٹے ہتھیاروں سے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں پانچ مزدور جاں بحق اورتین شدید زخمی ہوگئے۔
فائرنگ کے بعد دہشتگرد فرار ہوگئے۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی لیویزاور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور لاشوں اور زخمیوں کو گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی ہسپتال منتقل کردیا۔ جاں بحق ہونیوالوں میں نعیم احمد ولد بابو خان ،حنظلہ ولد عبدالولی اورمحمد شاکر ولد محمد اسماعیل کا تعلق کراچی سے بتایا جاتا ہے۔
ارشاد علی ولد شیر محمد سکھر جبکہ عبدالحمید ولد عبدالمجید بلوچ خضدارکا رہائشی تھا۔زخمیوں میں شاہ زمان ولد گل رحمان ،شمس ولد سید شاہ اور یاسر شامل ہیں۔زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ انہیں مزید علاج کیلئے کراچی منتقل کردیا گیا۔
جاں بحق افراد کی لاشیں بھی آبائی علاقوں کو روانہ کردیا گیا ہے۔حملے میں ایک دس سالہ بچہ محفوظ رہاجس نے بھاگ کر جان بچائی۔سیکورٹی حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ میں علاقے میں سرگرم علیحدگی پسند مسلح بلوچ تنظیموں کے ملوث ہونے کا شبہ ہے جو اس سے قبل بھی مزدوروں پر کئی حملوں میں ملوث رہی ہیں۔ گزشتہ سال مئی میں گوادر کے علاقے پشکان میں فائرنگ سے دس مزدور جاں بحق ہوئے تھے۔
گوادر، مسلح افراد کی فائرنگ سے 5مزدور جاں بحق ، 3زخمی
![]()
وقتِ اشاعت : October 31 – 2018