کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع پنجگور میں ایرانی فورسز نے پاکستانی حدود میں فائرنگ کرکے دو افراد کو ہلاک اور دو کو زخمی کردیا۔ لیویز کے مطابق ہلاک و زخمی افراد ایرانی ساختہ پک اپ گاڑی میں پاکستان سے غیر قانونی طور پر سرحد عبور کرکے ایرا ن میں داخل ہونے کی کوشش کررہے تھے۔
واقعہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب پنجگور سے تقریباً ایک سو بیس کلومیٹر دورسب تحصیل پروم کے علاقے شمے سرمیں پاک ایران سرحد کے بالکل قریب پیش آیا۔ گاڑی میں ڈرائیور اور کنڈیکٹر سمیت سات افراد سوار تھے جو غیر قانونی راستے سے گزرتے ہوئے جیسے ہی ایرانی سرحد کے قریب پہنچے تو انہوں نے گاڑی کی بتی روشن کی۔
واقعہ میں زخمی اور بچ جانیوالے افراد نے بتایا کہ ڈرائیور سرحد پر تعینات پاکستانی اور ایرانی فورسز سے بچنے کیلئے بتی بجھاکر گاڑی چلارہا تھا لیکن سرحد پر ایرانی فورسز کی جانب سے سرحد کے قریب کھودی گئی خندق عبور کرنے کیلئے ڈرائیور نے بتی روشن کی۔ بتی روشن ہوتے ہی سرحد پر تعینات ایرانی بارڈر فورس کے اہلکاروں کی گاڑی پر نظر پڑی اور انہوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔
فائرنگ کے نتیجے میں گاڑی میں سوار کنڈیکٹر سمیت دو افراد جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔ جبکہ گجرات کے رہائشی قدرت اللہ ولد عزت اللہ ،آغا جان ولد زرخان اور گاڑی کا ڈرائیور معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔ واقعہ کے بعد ڈرائیور فرار ہوگیا۔
وہاں سے گزرنے والی ایک دوسری گاڑی میں سوار افراد نے جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پنجگور پہنچایا۔ مرنے والوں کی شناخت تربت کے رہائشی عبداللہ ولد عبدالواحد اور پشاور کے رہائشی نازک خان ولد فضل سبحان کے نام سے ہوئی۔ زخمی ہونیوالوں میں کوئٹہ کے رہائشی دلاور خان ولد عنایت اللہ ،محمد ایجنسی خیبر پشتونخوا کے رہائشی حمزہ ولد روزی خان شامل ہیں۔ زخمیوں میں ایک کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
لیویز اور سرحد پر تعینات ایف سی حکام کے مطابق واقعہ پاکستانی حدودکے تقریباً ساٹھ سے اسی میٹر اندر پیش آیا ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بھی ایرانی فورسز کی جانب سے پاکستانی حدود میں فائرنگ کے کئی واقعات پیش آچکے ہیں۔ پچھلے سال جولائی میں ایرانی فورسز کی فائرنگ اور ان کی جانب سے بچھائی گئی بارودی سرنگ پر چڑھنے سے پانچ افراد جاں بحق اور پانچ زخمی ہوئے تھے۔
گزشتہ ماہ پاک ایران سرحد کے قریب ایرانی سیکورٹی فورسز کے ایک درجن سے زائد اہلکاروں کے اغواء کے بعد ایرانی فورسز نیسرحد پر سیکورٹی انتظامات کو مزید سخت کردیا ہے۔ ایرانی فورسز نے پہلے ہی سرحد پر غیرقانونی آمدروفت روکنے کیلئے کنکریٹ کی دیوار، خندق اور بارودی سرنگیں بچھانے جیسے اقدامات کر رکھے ہیں۔
پنجگور، ایرانی فورسز کی فائرنگ سے 2افراد ہلاک 2زخمی
![]()
وقتِ اشاعت : November 11 – 2018