خضدار: رکن بلوچستان اسمبلی میر محمد اکبر مینگل نے کہاہے کہ یہ وقت شعور و آگاہی کاہے انسان اشرف المخلوقات اس لیئے ہے کہ وہ عقل و شعور کا ادراک رکھتا ہے، نئی نسل کو ہمیں تعلیم کے زیور سے آراستہ کرکے ہمیں اپنے مستقبل کو روشن اور تابناک بنانا ہوگا ۔
میں نے تعلیم اور صحت کو اپنی ترجیحات میں شامل کرکے اس کے لئے دل جمعی سے کام کرنے کا عہد کیا ہے، تعلیمی اداروں میں معیار اور تعدادکو بڑھانے پر ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا، میری منزل اور میر ا مقصد عوام کی خدمت ہے جس کو ہمیشہ نبہاتے رہیں گے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مدرسہ فیاض العلوم زیرینہ وہیر کے پرائمری اسکول میں اسناد تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر تقریب سے ڈویژنل ڈپٹی ڈائریکٹر جمن سندھی ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر منیراحمد ساسولی ، عبداللہ شاہوانی ،جے یوآئی خضدار کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری مولانا عبدالصبور مینگل ، عبدالحمید نتھوانی ،مولانا سلیم اللہ مینگل ماسٹر شمس مینگل ، بی این پی وڈھ کے صدار مجاہد عمرانی ،غلام مصطفی ، عطاء اللہ خدرانی ، گل محمد ساسولی ، بشیراحمد ، حاجی میر عبدالغفور بارانزئی و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔
مقررین نے کہاکہ وڈھ میں تعلیمی ترقی اور معیار تعلیم و بچوں کو تعلیم کی طرف متوجہ کرنے کے لئے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ، تعلیم ہی کے ذریعے ہم سب کو اپنے مستقبل کے معماروں کی فکر کرنی ہے اور انہیں تعلیمی اقدار سے روشناس کرانا ہوگا، جب تعلیم ہوگی تو ہم ترقی کرسکیں گے ۔
زیرینہ وہیر میں 1970کی دھائی سے پرائمری اسکول قائم ہے یہاں مڈل ا سکول کی منظوری پچھلے سال کی گئی تھی لیکن اس کے فنڈز کو روک دیا گیا ہے اور تاحال اس پر کام کا آغاز نہیں ہوسکا ہے پرائمری کے بعد بچوں کو مذید تعلیم حاصل کرنے کے مواقع میسر نہیں آتے ہیں ۔
اس کے لئے حکومت کو فوری اقدامات کرنے ہونگے ، بی این پی کے مرکزی رہنماء و رکن بلوچستان اسمبلی میر محمد اکبر مینگل نے کہاکہ تعلیم صحت،روزگار فراہم کرنا اور دیگر مسائل کو حل کرنا میری ترجیحات میں شامل ہیں جس کے لئے میں ہمہ وقت کوشش کرتارہونگا ، شعبہ تعلیم میں بہت سارے پوسٹس خالی ہیں ، جس پر فوری طور پر تعیناتیاں عمل میں آنا چاہیے ، اور میں اس بات کا وعدہ کرتا ہوں کہ غیر علاقائی تعینات ہونے والے افراد کو کسی بھی طرح یہاں تقرری کے مواقع نہیں دیئے جائیں گے۔
ایسے افراد کرتے یوں ہیں کہ حاضری رپورٹ کے بعد خود پوسٹ سمیت واپس اپنے علاقوں کو چلے جاتے ہیں جس کی وجہ سے ہمارے تعلیمی ادارے ادھورے رہ جاتے ہیں ، انہوں نے کہاکہ آج ہم جس دینی تعلیمی ادارے میں تقریب میں شریک ہیں یہ ادارہ ایک سوسال قبل قائم کیاگیا تھا،جس کو ہمارے بزرگوں نے شروع کیا ہے اور یہ فیض آگ بڑھتا رہیگا ، تقریب کے اختتام پر بچوں میں اسناد تقسیم کیئے گئے اور بعدا زاں لوگوں نے رکن بلوچستان اسمبلی میر محمد اکبر مینگل کو اپنے مسائل بیان کیئے
وڈھ کے تعلیمی مسائل حل کرنے کی کوشش کرونگا، اکبر مینگل
وقتِ اشاعت : November 13 – 2018