|

وقتِ اشاعت :   November 17 – 2018

تربت: بلوچستان کے حلقہ پی بی47کیچiiiمیں ضمنی الیکشن کے لیئے میدان 6دسمبر کو سجے گا۔بی اے پی کے امیدوار میر رؤف رند کی نااہلی کے باعث یہ نشست خالی ہوئی تھی۔ 

اگر میر رؤف رند کو الیکشن لڑنے کی اجازت نہیں ملی تو ضمنی الیکشن میں اصل مقابلہ نیشنل پارٹی کے حاجی فدا حسین دشتی،بی این پی عوامی کے حاجی برکت رند اور بی این پی کے میجر جمیل کے درمیان متوقع ہے۔

لالہ رشید دشتی کسی بھی امیدوار کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ ضلع کیچ کے حلقہ نمبرiiiپی بی47پر 6دسمبر کو ہونے والے ضمنی الیکشن کے لیئے مختلف سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔ 

مزکورہ نشست بی اے پی کے نائب صدر وزیر اعلی بلوچستان کے مشیر فشریز میر رؤف رند کی عدالتی فیصلے کے تحت نااہلی کے باعث خالی ہوگئی تھی۔ 6دسمبر کو ہورہے انتخابی میدان میں کئی کھلاڑی نبرد آزما تو ہیں مگر عوامی حلقو ں کے مطابق اصل مقابلہ نیشنل پارٹی کے امیدوار حاجی فدا حسین دشتی، بی این پی کے میجر جمیل اور بی این پی عوامی کے امیدوار حاجی برکت رند کے درمیان متوقع ہے ۔

البتہ اس حلقے میں آزاد امیدوار لالہ رشید دشتی کی سیاسی اثر و رسوخ اور عوامی طاقت کو کسی طور نظر انداز نہیں کیا جاسکتا جنہوں نے 25جولائی کے عام الیکشن میں دوسری پوزیشن حاصل کی تھی ۔زیادہ توقع یہ ہے کہ لالہ رشید دشتی آخری وقت میں الیکشن لڑنے کے بجائے کسی امیدوار کی حمایت کرینگے اگر ایسا ہوا تو اس امیدوار کی جیت کے امکانات سب سے زیادہ ہونگے۔