|

وقتِ اشاعت :   November 18 – 2018

تربت: نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سابق وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹر مالک بلوچ نے کہا ہے کہ نیشنل پارٹی پی بی47کیچiiiکے ضمنی الیکشن میں بھر پور حصہ لے کر اپنے نامزد امیدوار کی کامیابی کے لیئے مہم چلا رہی ہے،۔

ہماری حکومت کی سابقہ کارکردگی ثابت کرتی ہے کہ نیشنل پارٹی علاقے میں ترقیاتی پروجیکٹ دینے سمیت صحت و تعلیم کی بہتری کے لیئے کس قدر مخلص رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ حاجی فدا حسین دشتی کی کامیابی کے لیئے پارٹی کے کارکنان انتہک محنت اور کوشش کر کے گھر گھر جا کر انتخابی مہم کا حصہ بنیں ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے نیشنل پارٹی پی بی47کیچiiiکے الیکشن سیل میں مند، دشت اور گوکدان کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ڈاکٹر مالک نے کہاکہ نیشنل پارٹی ایک وسیع قومی سوچ کے ساتھ جمہوری عمل کا حصہ ہے ہم نے اقتدار کے دوران عوامی فلاح کے لیئے سینکڑوں پروجیکٹ شروع کیئے جس کی نظیر ملنا مشکل ہے، صحت کے مسائل حل کرنے کے لیئے ڈسٹرکٹ ٹیچنگ ہسپتال کو ماڈل ہسپتال بنانے کے لیئے کئی وارڈز تعمیر کرائے اور اسے بہتر سے بہتر بنانے کی کوشش کی جبکہ مختلف علاقوں میں بی ایچ یوز اور ہسپتالوں میں فنڈز فراہمی کے علاوہ دوایات اور دیگر سہولیات مہیا کیئے۔ 

انہوں نے کہاکہ تعلیم کی بہتری اور اسے عام لوگوں کی دسترس تک لانے کے لیئے ہم نے خصوصی اقدام اٹھائے تعلیمی بجٹ میں اضافہ کے علاوہ صوبہ بھر میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ کی جس کا مثبت نتیجہ سامنے آیا جبکہ تربت میں اعلی درجہ کی یونیورسٹی قائم کر کے یہاں کے بچوں کا مستقبل محفوظ بنایا۔

انہوں نے کہاکہ نیشنل پارٹی کی سیاست جمود کے بجائے تحرک اور جدوجہد پر یقین رکھتی ہے جمہوری پروسس کا ہمیشہ حصہ بن کر نیشنل پارٹی نے حقیقی صورت میں عوام کی ترجمانی کی ہے ۔

پی بی47کیچiiiکے ضمنی الیکشن میں پارٹی کارکنان پر بھاری زمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ انتخابی مہم کے لیئے گھر گھر جا کر عوام کو مخاطب کریں اور پارٹی پروگرام پیش کر کے اپنے امیدوار کی کامیابی کے لیئے جدوجہد کریں۔