|

وقتِ اشاعت :   November 18 – 2018

کوئٹہ: کوئٹہ میں بم دھماکے کے نتیجے میں ایف سی کے تین اہلکار شہید اور چار زخمی ہوگئے۔ ایف سی حکام کے مطابق دھماکا کوئٹہ سے تقریباً ساٹھ کلومیٹر دور کوئلہ کی معدنیات والے پہاڑی علاقے مارواڑ میں ہواجہاں نامعلوم دہشتگردوں نے سڑک کنارے بم نصب کر رکھا تھا۔ 

ایف سی چیک پوسٹوں کیلئے راشن لے کر جانیوالی گاڑی دیسی ساختہ بم سے ٹکرائی تو زور دار دھماکا ہوا اور گاڑی تباہ ہوگئی۔ دھماکے کے نتیجے میں گاڑی میں سوار تین اہلکار شہید جبکہ چار زخمی ہوگئے۔ اطلاع ملتے ہی ایف سی کی اضافی نفری موقع پر پہنچ گئی۔ لاشوں اور زخمیوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔

شہید ہونے والے اہلکاروں کی شناخت سپاہی بشیر احمد، گل جان اور سپاہی عالم خان کے نام سے ہوئی ہے۔زخمیوں میں نائیک محمد طارق ، لانس نائیک محمد ذبیر، سپاہی محمد عابد اور سپاہی محمد عاشق شامل ہیں۔چاروں زخمیوں کو جسم کے مختلف حصوں میں شدید زخم آئے ہیں اور ان میں سے تین کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ دھماکے کے بعد علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔