|

وقتِ اشاعت :   November 19 – 2018

نیوزی لینڈ کی جانب سے آسان ہدف ملنے کے باوجود پاکستان ابوظہبی ٹیسٹ ہارگیا۔ 

 

ابوظہبی ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستانی ٹیم نے بغیر کسی نقصان کے 37 رنز سے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا تاہم دونوں اوپننگ بلے باز امام الحق اور محمد حفیظ اپنے اسکور میں صرف 2،2 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد بالترتیب 27 اور 10 رنز پر آؤٹ ہوگئے، حارث سہیل بھی صرف 4 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

قومی ٹیم کی 3 وکٹیں 48 رنز پر گرنے کے بعد اسد شفیق اور اظہر علی نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 82 رنز کی شراکت قائم کی، اسدشفیق 45 رنز پر پویلین واپس لوٹے۔ 130 رنز کے مجموعی اسکور پر اسدشفیق کی وکٹ گرنے کے بعد پاکستانی بیٹنگ ایک بار پھر مشکلات کا شکار ہوگئی۔

نئے آنے والے بلے بازوں میں کوئی بھی خاطرخواہ کارکردگی نہیں دکھا سکا، بابراعظم 13، کپتان سرفراز احمد 3 جب کہ بلال آصف، یاسر شاہ اور حسن علی کھاتہ کھولے بغیر ہی آؤٹ ہوگئے جب کہ اظہر علی آخری لمحات تک وکٹ پر موجود رہے لیکن اس کے باوجود ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کرواسکے اور آخر میں خود ہی 65 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوگئے۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 249 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی اور یوں قومی ٹیم کو پہلی اننگز میں 74 رنز کی برتری کی بدولت جیت کے لیے 176 رنز کا ہدف ملا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے واٹلنگ 59 ، نکولس 55 اور رووال 46 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جب کہ حسن علی اور یاسر شاہ کے حصے میں 5،5 وکٹیں آئیں۔

پہلی اننگز میں قومی بولرز کی شاندار بولنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم صرف 153 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی تاہم پاکستانی ٹیم اس کا بھرپور فائدہ نہیں اٹھاسکی اور 227 رنز پر پوری ٹیم پویلین لوٹ گئی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل قومی کرکٹ ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں 0-3 سے فتح حاصل کی تھی جب کہ ون ڈے سیریز بارش ہوجانے کے باعث 1-1 سے برابر رہی۔