تربت: نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ، سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے گزشتہ روز PB-47کیچIIIکے الیکشن مہم کے سلسلے میں پٹھان کہور ، گوکدان ، ڈنک ودیگرمقامات کاتفصیلی دورہ کیا دورے میں نیشنل پارٹی کے امیدوار حاجی فداحسین دشتی ، مرکزی کمیٹی کے رکن ابوالحسن بلوچ، چیئرمین حلیم بلوچ، محمدجان دشتی، مشکور انورودیگر ان کے ہمراہ تھے ۔
دورے میں انہوں نے معروف سیاسی وسماجی شخصیت ، سابق ناظم یونین کونسل گوکدان حاجی مرادحاصل بزنجو سمیت دیگر اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں اس موقع پر سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے کہاکہ نیشنل پارٹی بلوچ وبلوچستان کے خلاف کسی بھی سازش کوکامیاب نہیں ہونے دے گی اور سیاسی وجمہوری اندازمیں جدوجہد جاری رکھتے ہوئے بلوچ قومی جدوجہد کوتقویت بخشنے اور ساحل وسائل کے تحفظ کویقینی بنائے گی ۔
انہوں نے کہاکہ گوادرمیں ایسٹ بے ایکسپریس وے کی تعمیر پر ماہی گیروں کے خدشات وتحفظات دورکرنے اورماہی گیروں کے حقوق کے تحفظ کیلئے نیشنل پارٹی نے بھرپور احتجاج کیا اوریہ احتجاج ماہی گیروں کے خدشات کے خاتمہ تک جاری رہے گی ۔
انہوں نے کہاکہPB-47کیچIIIکے حلقہ میں نیشنل پارٹی ایک مضبوط سیاسی وجودرکھتی ہے اور حلقہ کے عوام نیشنل پارٹی کے ساتھ ہیں ، عوام نے نیشنل پارٹی کو آزمایاہے اس لئے عوام اس پرمکمل اعتماد رکھتے ہیں ، نیشنل پارٹی نے اپنے مختصر دوراقتدارمیں گراں قدر خدمات سرانجام دئیے ہیں ۔
ہم عوام کی خدمت کو اپنی قومی ذمہ داری سمجھتے ہیں ہم سیاست کوعوامی مسائل ومشکلات کے حل کا بہترین ذریعہ سمجھتے ہیں ، انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کو سیاسی بیگانگی سے نکل کر قومی جدوجہد میں اپنا حصہ ڈالنا ہوگا کیونکہ سیاسی جدوجہد کے بغیر حقوق کاحصول اورترقی کے منازل طے کرنا ناممکن ہے ۔
انہوں نے اس امر پر مسرت کااظہارکیا کہ ضمنی الیکشن کے سلسلے میں نہ صرف نیشنل پارٹی کے کارکنان کاجوش وجذبہ لائق تحسین ہے بلکہ عوام اس بار بھرپور جذبے کے ساتھ پارٹی کے انتخابی مہم کاحصہ ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ عوام اپنے ووٹ کو اپنے ضمیر کے مطابق استعمال کریں اور6دسمبر کو آری کے نشان کویادرکھیں ، دورے میں کئی اہم شخصیات نے نیشنل پارٹی کے امیدوارکی مکمل حمایت کااعلان کیا۔
بلوچ قوم و بلوچستان کیخلاف کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دینگے ، ڈاکٹر مالک بلوچ
وقتِ اشاعت : November 23 – 2018