|

وقتِ اشاعت :   November 25 – 2018

کوئٹہ : مسلم لیگ ن بلوچستان کے صوبائی صدر عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کی صورت میں جام کمال کو سپورٹ کرینگے، نواب ثناء اللہ زہری اپنے فیصلے میں آزاد ہیں ۔

انتخابات میں دھاندلی کے ذریعے مسلم لیگ ن کا راستہ روکا گیا ، بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ ن بھرپور حصہ لے گی امریکہ سی پیک منصوبہ کو سبوتاژ کرنے کیلئے بھارت اور افغانستان کو استعمال کررہاہے ۔ 

گزشتہ روز کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن بلوچستان کے نومنتخب صدر عبدالقادر بلوچ کا کہنا تھا کہ بلوچستان عوامی پارٹی میں جام کمال صوبے میں حکومت چلانے کیلئے بہترین انتخاب ہیں ۔

بلوچستان اسمبلی میں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کیخلاف تحریک عدم اعتماد آنے کی صورت میں مسلم لیگ ن جام کمال کا ساتھ دیگی تاہم ن لیگ کے رکن بلوچستان اسمبلی نواب ثناء اللہ زہری اپنے فیصلے میں آزاد ہوں گے ان کا شکوہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال سے متعدد مرتبہ رابطہ قائم کرنے کی کوشش کی تاہم انہوں نے میرا فون نہیں اٹھایا شاہد وہ مجھے اپنے برابر نہیں سمجھتے ہیں جام کمال خان ریاست بیلہ کے نواب ہیں ہماری ان سے برابری نہیں۔ 

رخشان ڈویژن کو چھیڑنے کی ضرورت نہیں ہے حکومت رخشان ڈویژن کو احمد وال منتقلی کے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے ۔ قادر بلوچ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن ملک کی سب سے مقبول سیاسی جماعت ہے اگر صاف شفاف انتخابات ہوتے تو دعویٰ سے کہتا ہوں ۔

پنجاب اور اسلام آباد میں ن لیگ کی حکومت بنتی جب کے صوبے میں اکثریت ہماری جماعت کی ہوتی مسلم لیگ ن کو بلوچستان بھر میں وارڈ کی سطح تک لے جائیں گے بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ ن بھرپور حصہ لے گی پارٹی کی ممبر سازی مہم کے بعد مسلم لیگ ن کے صوبائی سیکریٹری جنرل کے انتخابات میں تین امیدواروں نے حصہ لیا جن میں جمال شاہ 98 ووٹ لیکر صوبائی جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے ہیں دیگر امیدواروں میں نسیم الرحمن اور نصیر خان شامل ہیں۔ 

ان کا مزید کہنا تھا کہ میاں نواز شریف پر کرپشن کا کوئی کیس ثابت نہیں ہوا صرف اقامہ کی بنیاد پر فیصلہ دیا گیا ہمارا کیس عوام کی عدالت میں ہے عوام بہتر فیصلہ کریں گے اس وقت ملک میں مہنگائی کا خطرناک طوفان آنے والا ہے۔

امریکی صدر ٹرمپ کی دھمکیاں اور کراچی میں چائنہ قونصلیٹ کے حملے کو دیکھ کر سمجھتا ہوں کے سی پیک کے خلاف امریکہ اپنی بھرپور طاقت کے ساتھ آئے گا سی پیک منصوبے کو نقصان پہچانے کے لیے امریکہ انڈیا افغانستان کے علاوہ بھی جو پرزہ استعمال کر سکا وہ کرے گا موجود حالات میں متحد ہونے کی ضرورت ہے ۔

پاکستان کی بقاء کے معاملے میں ہم اور ہماری پارٹی پاک افواج کے ساتھ کھڑی ہے حکومت اور عمران خان سے اختلاف اپنی جگہ لیکن پاکستان کے لیے ہم ایک ہیں اس موقع پرنو منتخب صوبائی جنرل سیکرٹری مسلم لیگ ن جمال شاہ کاکڑ، یونس لہڑی، گوہر مینگل و دیگر پارٹی عہددار اور کارکنان موجود تھے۔