|

وقتِ اشاعت :   December 4 – 2018

تربت : وفاقی وزیردفاعی پیداوار محترمہ زبیدہ جلال نے کہاہے کہ موجودہ حکومت بے روزگاری کے خاتمہ کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ اورطویل المیعاد منصوبہ بندی پرعمل پیراہے، 3مہینہ کی مختصرمدت میں بہت سارے منصوبوں کوحمتی شکل دی گئی ہے۔

گوادرمیں شپ یارڈجیسے بڑے پروجیکٹ شروع کرنے جارہے ہیں جس سے20ہزار ملازمتیں نوجوانوں کوملیں گی، مکران میں اعلیٰ تعلیمی مواقع کی دستیابی کیلئے انسٹیٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی کاسب کیمپس کھولاجائے گا جہاں پر بلوچستان کے طلباء ہائی ٹیک انجینئرنگ کی مفت تعلیم حاصل کرسکیں گے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے تنزگ میں PB۔47کیچIIIکے ضمنی الیکشن مہم کے سلسلے میں بی اے پی کے کارنرمیٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، کارنرمیٹنگ سے صوبائی وزیراطلاعات وہائر ایجوکیشن میر ظہوراحمدبلیدی نے بھی خطاب کیا۔

وفاقی وزیر دفاعی پیداوار محترمہ زبیدہ جلال نے کہاکہ موجودہ حکومت پاک فوج کے تعاون سے گوادرمیں شپ یارڈ کابہت بڑا پروجیکٹ عنقریب شروع کررہی ہے جس میں20ہزارسے زائد ملازمتیں دستیاب ہوں گی ۔

اس منصوبے کے آغازکے ساتھ ہی 5ہزار افرادی قوت کی ضرورت ہوگی جبکہ منصوبہ کی تکمیل تک 20ہزار سے زائد افراد کھپائے جائیں گے اس بڑے پروجیکٹ میں بحری جہازسازی، بحری جہازوں کی مرمت اور بحری ٹینکروں کی صفائی ومرمت سمیت دیگر کام ہوں گے ۔

اس پروجیکٹ کیلئے دی گئی اراضی بلوچستان حکومت کی ملکیت ہوگی جبکہ اس کی آمدن سے بلوچستان کو خاطرخواہ حصہ دیاجائے گا تاکہ بلوچستان مالی طورپر مستحکم ہوسکے، اتنے بڑے پروجیکٹ کیلئے مطلوبہ افرادی قوت کی تیاری کیلئے کیچ وگوادرمیں ٹیکنیکل اداروں کوفعال بنایاجائے گا۔

کیچ میں وومن پولی ٹیکنیک انسٹیٹیوٹ میں صبح وشام کے اوقات مردوخواتین کوٹریننگ دی جائے گی جبکہ گوادر انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سمیت دیگر ادارے قائم ہوں گے انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کی خصوصی توجہ ودلچسپی کی بدولت گوادراورپسنی میں پانی کابحران حل ہوگیا جبکہ اس سلسلے میں مزید اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان میں ہائی ٹیک انجینئرنگ کی تعلیم کاواحد ادارہ انسٹیٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی اسلام آبادمیں ہے جس کی سب کیمپس عنقریب مکران میں قائم کیاجائے گا جہاں پر بلوچستان کے طلباء مفت میں ہائی ٹیک انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کرپائیں گے ۔

انہوں نے کہاکہ بی اے پی کی سرکار عوامی مسائل کے حل کیلئے سنجیدگی کے ساتھ کوشاں ہے، مختصرمدت میں گوادر پسنی پانی بحران کے حل کے ساتھ ساتھ تربت پسنی روڈ، تربت مند روڈ،تربت بل نگور روڈکے منصوبوں پرکام کرنے جارہی ہے جبکہ تربت بلیدہ روڈپرکام جاری ہے ۔

انہوں نے کہاکہ واپڈا کے نظام کوبہتربنانے کیلئے میکانزم تیارکیاجارہاہے،سیلاب متاثرین اوربدامنی متاثرین کے بجلی واجبات کی معافی کے حوالے سے غوروخوض کیاجارہاہے کوشش یہی ہے کہ یہ بل رائٹ آف ہوجائیں یاصارفین کو مناسب رعایت دی جائے۔

انہوں نے کہاکہ ہم عوام سے ہیں اور عوام کے دکھ سکھ میں ساتھ ہیں ہماری سیاست صاف وشفاف ہے، عوام6دسمبرکے ضمنی الیکشن میں بی اے پی کے امیدوارلالہ رشید دشتی کو بھاری اکثریت سے ووٹ دیکر کامیاب بنائیں اور بی اے پی کی مختصرمدت کی کارکردگی کی توثیق کردیں۔

بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی سنیئرنائب صدر، صوبائی وزیراطلاعات وہائر ایجوکیشن میر ظہوراحمدبلیدی نے کہاکہ عوام6دسمبرکے ضمنی الیکشن میںBAPکے امیدوار لالہ رشید دشتی کو ووٹ دیں کیونکہ بی اے پی دیگر پارٹیوں کی طرح نفرتوں کا بیوپارنہیں کرتا بلکہ بی اے پی امن ومحبت کاداعی اور بلوچستان کی ترقی وخوشحالی کی ضامن جماعت ہے، کچھ لوگ نفرت کے بیوپاری بن کر احساس محرومی فروخت کررہے ہیں ہم احساس محرومی ختم کرنے کے علمبردارہیں ۔

انہوں کیاکہ ہم لالہ رشید دشتی کیلئے ووٹ مانگنے آپ لوگوں کے پاس آئے ہیں آپ کے پاس لوگ آکربڑی بڑی باتیں کرتے ہیں، ہماری سیاست اور دوسروں کی سیاست میں زمین وآسمان کافرق ہے، ہم عوامی مسائل کے حل کے خواہاں ہیں عوامی مسائل پرسیاست کرنا ہمارا شیوہ نہیں، یہی وجہ ہے کہ3مہینے کے مختصرمدت میں بی اے پی نے گرانقدرکام کئے ہیں۔

29ہزار آسامیاں جو سابق حکومتوں کی نااہلی وعدم دلچسپی کی وجہ سے خالی ہیں انہیں میرٹ پر پرکرنے کافیصلہ کیاگیاہے، گوادریونیورسٹی ایکٹ منظورکرایاہے مکران بورڈ میں الگ تعلیمی بورڈجلد فعال کیاجائے گا، ایک ڈیڑھ ماہ کے دوران تربت پسنی روڈپر باقاعدہ کام کاآغازکیاجائے گا، ہم اپنی ذمہ داریوں سے نہ صرف آگاہ ہیں بلکہ انہیں کماحقہ اداکرنے کیلئے کوشاں ہیں